کراچی کنگز کو 52رنز سے شکست، ملتان سلطانز پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست

پاکستان سپر لیگ میں ملتان سلطانز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کراچی کنگز کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 52رنز سے شکست دے دی۔
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز کی دعوت پر ملتان سلطانز نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو ابتدا میں محمد عامر کے خلاف معین علی مشکلات سے دوچار نظر آئے لیکن دوسرے اینڈ سے ذیشان اشرف نے جارحانہ انداز اپنایا۔
ذیشان نے عمید آصف کے خلاف جارحانہ انداز اپنایا اور ان کی جارحانہ بیٹنگ کو دیکھتے ہوئے کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم باؤلنگ کے لیے افتخار احمد کو لائے اور ان کی پہلی گیند پر بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں وہ بابر اعظم کو کیچ دے بیٹھے، انہوں نے 23رنز بنائے۔
اس کے بعد معین علی کا ساتھ دینے شان مسعود آئے اور دونوں کھلاڑی ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کر رہے ہیں، معین علی نے ابتدا میں مدافعانہ بیٹنگ کی جس کے بعد جارحانہ انداز اپنایا اور اپنی نصف سنچری مکمل کر لی۔
دونوں کھلاڑیوں نے دوسری وکٹ کے لیے 71رنز کی شراکت قائم کی جس میں شان مسعود کا حصہ صرف 11رنز کا تھا۔معین علی 42 گیندوں پر 4 چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے 65 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔رلی روسو کا وکٹ پر قیام بھی انتہائی مختصر رہا اور وہ صرف 8رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
شان مسعود نے ابتدا میں محتاط انداز اپنانے کے بعد جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری مکمل کر لی اور 61 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جس کی بدولت ملتان سلطانز ایک مشکل مجموعہ جانب ترتیب دینے میں کامیاب ہوئے۔روی بوپارہ بھی ایک چھکا مارنے کے بعد محمد عامر کی دوسری وکٹ بن گئے جبکہ خوشدل شاہ بھی کوئی بڑا شاٹ کھیلنے میں ناکام رہے۔اختتامی اوورز میں ملتان سلطانز کی ٹیم زیادہ تیزی سے رنز بنانے میں ناکام رہی اور مقررہ اوورز میں 6وکتوں کے نقصان پر 186رنز بنائے۔کراچی کنگز کی طرف سے محمد عامر اور کرس جورڈن نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔کراچی کنگز کے اوپنر شرجیل خان نے اننگز کا آغاز کیا تو وہ روایتی جارحانہ موڈ میں نظر آئے لیکن معین علی کی ایک گیند کو پُل کرنے کی کوشش میں ناکامی پر وہ ایل بی ڈبلیو قرار پائے۔
بابر اعظم اور ایلکس ہیلز نے اسکور 45 تک پہنچایا لیکن محمد عرفان کی گیند پر محمد الیاس نے شاندار کیچ لے کر بابر کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔
ایلکس ہیلز کا ایک کیچ ڈراپ ہوا لیکن وہ اس سے فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے اور 29رنز بنانے کے بعد کیچ ڈراپ کرنے والے شاہد آفریدی کو ہی وکٹ دے بیٹھے۔ابھی کراچی کنگز اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ اگلے اوور میں عمران طاہر نے کیمرون ڈیلپورٹ کا کام تمام کر کے اپنی ٹیم کو چوتھی کامیابی دلائی۔کپتان عماد وسیم بھی ٹیم کو بیچ منجدھار میں چھوڑ کر چلتے بنے جبکہ چیڈول والٹن کی اننگز بھی 15رنز تک محدود رہی۔کرس جورڈن اور افتخار احمد بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور بالترتیب 13 اور 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔اس کے بعد کراچی کنگز زیادہ دیر تک ملتان سلطانز کی باؤلنگ کا سامنا نہ کر سکی اور پوری ٹیم 134 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
کراچی کنگز کو میچ میں 52رنز سے شکست دے کر ملتان سلطانز نے پوائنٹس ٹیبل پر دوبارہ پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔سلطانز کی طرف سے عمران طاہر نے تین جبکہ سہیل تنویر اور شاہد آفریدی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔معین علی کو نصف سنچری اور ایک وکٹ لینے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
اس سے قبل ایونٹ کے 10ویں میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔

 

About Rizwan Malik

Scroll To Top