سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی  اور کرکٹر شاہد آفرید ی بھی کرونا کا شکار ہوگئے

سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اور کرکٹر شاہد آفرید ی بھی کرونا کا شکار ہوگئے

سابق وزیرِ اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی اور معروف کرکٹر اور سابق کپتان شاہد خان آفرید ی بھی مہلک وبا کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئے۔پیپلز پارٹی کے رہنما و سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے نے ان کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق سوشل میڈیا پیغام کے ذریعے سے کی۔
یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے قاسم گیلانی نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر والد کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی حکومت اور قومی احتساب بیورو (نیب) کا شکریہ کہ آپ میرے والد کی زندگی کو خطرے میں ڈالنے میں کامیاب ہوئے۔قاسم گیلانی نے مزید کہا کہ میرے والد کا کووڈ-19 یعنی کورونا وائرس کے ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آیا ہے۔
دوسری طرف
قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آ گیاہے۔شاہد آفریدی نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں اس بات کی تصدیق کی کہ ان کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
سابق آل رانڈر نے کہا کہ جمعرات سے طبیعت خراب تھی اور جسم میں درد ہو رہا تھا، ٹیسٹ کراویا جس سے معلوم ہوا کہ میں کورونا پازیٹیو ہوں۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ صحت یابی کے لیے سب کی دعاوں کا طلب گار ہوں۔
خیال رہے کہ شاہد آفریدی لاک ڈاون کے آغاز سے ہی فلاحی کاموں میں مصروف رہے اور اس دوران انہوں نے ملک کے مختلف علاقوں میں عوام میں راشن اور دیگر سامان تقسیم کیا۔

یادر ہے کہ اس سے قبل سابق وزیراعظم شاہد خاقان اور احسن اقبال کے بعد شہباز شریف کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آگیا۔لیگی ترجمان مریم اورنگزیب، ان کی والدہ اور طارق فضل بھی کورونا میں مبتلا
ہوچکے ہیں۔
ملک میں کورونا کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور اب تک قومی و صوبائی اسمبلیوں کے کئی ارکان وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں جب کہ کچھ وائرس سے انتقال بھی کرگئے۔
پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 32 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جب کہ کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 2500 سے زائد ہے۔

About Rizwan Malik

Scroll To Top