کراچی:حلقہ این اے 240 پر ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری

ووٹنگ 16 جون کو ہوگی ،نشست ایم کیو ایم پاکستان کے رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی کے انتقال کے باعث خالی ہوئی


کراچی :الیکشن کمیشن نے کراچی میں قومی اسمبلی کی نشست این اے 240 پر ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کردیا ہے۔ قومی اسمبلی کا حلقہ این اے 240 کورنگی کراچی ٹو ہے۔ جاری کردہ شیڈول کے تحت کاغذات نامزدگی 7 مئی سے 10 مئی کے درمیان جمع کروائیجا سکتے ہیں، 11 مئی کو امیدواروں کی لسٹ جاری کی جائے گی، 14 مئی امیدواروں کی اسکروٹنی کا آخری روز ہو گا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق 17 مئی کو نااہل امیدواروں کی اپیلیں سنی جائیں گی، اپیلوں پر 21 مئی کوالیکشن ٹربیونل فیصلہ کرے گا، 23 مئی کو امیدواروں کی حتمی لسٹ جاری کی جائے گی جب کہ 24 مئی امیدواروں کی دستبرداری کا آخری روزہو گا۔
جاری کردہ شیڈول کے مطابق 25 مئی کوامیدواروں کوانتخابی نشانات جاری کیے جائیں گے، 16 جون 2022 کو حلقہ این اے 240 پرانتخاب ہوگا۔
واضح رہے کہ این اے 240 کی نشست ایم کیو ایم پاکستان کے رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی کے انتقال کے باعث خالی ہوئی ہے۔ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم پاکستان) پاکستان کے سینیر رہنما اور رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی گزشتہ ہفتے کراچی میں انتقال کر گئے تھے۔ ترجمان کے مطابق اقبال محمد علی کافی عرصے سے علیل تھے اور اسپتال میں زیر علاج تھے۔ اقبال محمد علی 2018 کے عام انتخابات میں حلقہ این اے 240 کورنگی سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔
مرحوم نے وفاقی وزیر برائے ہائوسنگ چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے کھیل کی ذمہ داریاں بھی سرانجام دی تھیں۔

About Rizwan Malik

Scroll To Top