فروغِ نعت میں صراط نعت انٹرنیشنل کا کردار

فروغِ نعت میں صراط نعت انٹرنیشنل کا کردار

مریم قریشی ، سینئر ریسرچر و سوشل میڈیا کوآرڈینیٹر ، صراط نعت انٹرنیشنل پاکستان

عصر حاضر اور فروغ نعت کے امتزاج کو سمجھنے کے لیے پہلے نعت کے حقیقی معنی جاننا بیحد ضروری ہے۔ نعت سے مراد آقائے دو جہاں حضرت محمد مصطفی صل اللہ علیہ وسلم کی تعریف و توصیف بیان کرنا ہے۔ حضور پاک صل اللہ علیہ وسلم کے اقوال، افعال، کردار، اور آپکی تمام سیرت طیبہ کو اشعار کی لڑی میں پرونا نعت ہے۔
نعت لکھنا ،نعت پڑھنا یانعتیہ محافل کا انعقاد کرنا حضور صل اللہ علیہ وسلم سے اپنی محبت و عقیدت اور عشق وخلوص کے اظہار کا اک انداز اور محبوب خدا سے اپنے تعلق کا پرچار ہے۔ نعت کا حقیقی تعلق انسانی روحِ سے ہے۔ اور بیشک کوئی بنی آدم حضور رحمت للعالمین کی توصیف و ثنا بیان کرنے کا حق ادا کہاں کر سکتا ہے کہ نبی پاک کی شان میں تو رب العالمین نے خود کتاب بر حق قرآن مجید میں آیت مقدسہ نازل فرما کر آپکی تعریف و حمد بیان کی ہے۔
عصر حاضر جہاں نعت گو اور نعت خوانوں کی تعداد میں قدرے اضافہ دیکھنے کو ملتا ہے وہیں یہ بات بھی شدت سے محسوس ہوتی ہے کہ دور حاضر میں نعت خوانی اپنی حقیقی حیثیت سے ھٹتی جا رہی ہے۔جہاں ایک طرف تو کچھ درویش صفت اور بختآور شخصیات خدمتِ نعت سے اپنی زندگی مزین کیے ہوئے ہیں وہیں کچھ نعت لکھنے اور پڑھنے والے اس احساس سے عاری دکھائی دیتے ہیں کہ وہ کس جانِ بے مثال کی بارگاہ میں حاضری پیش کر رہے ہیں۔ اور سننے والے بھی بغیر معنی کو سمجھے اور آدابِ محفلِ کو ملحوظ خاطر نہ رکھتے ہوے داد دینے میں مصروفِ دکھائی دیتے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ ان چند بے عقل لوگوں کے غیر سنجیدہ افعال کی وجہ سے عام عوام نعت سے دور ہوتی جا رہی ہے اور وابستگان نعت کو تنقید کا نشانہ بناتی ہے ۔
اور اگر بات خواتین کی نعت خوانی کے حوالے سے کی جائے تو صورت حال مزید گمبھیر دکھائی دیتی ہے ۔لیکن ہمارے معاشرے میں جہاں مرد حضرات ہر شعبہ حیات میں سرگرم عمل ہیں وہیں خواتین بھی انکے شانہ بشانہ ہیں اور تمام شعبہ ہائے زندگی کی طرح میدان نعت میں عشق رسول کے جذبے سے سرشار ہمہ وقت مصروف دکھائی دیتی ہیں۔ اس ضمن میں صراط نعت انٹرنیشنل جو عالمگیر نوعیت کی منفرد نعتیہ تنظیم اور ادارہ ہے اور خوشبوئے حسان کے فروغ اور دختران اسلام کو زیور نعت سے آراستہ کرنے کے لیئے شب و روز کوشاں ہے جسکی بانی و سرپرست محترمہ پروفیسر سلمہ خان صاحبہ ہیں ۔


ملک پاکستان میں جہاں مختلف نعتیہ تنظیمیں اور ادارے بزریعہ نعت گوئی اور نعت خوانی ،عشق مصطفی کے جذبے کو مستحکم کرنے میں مصروف عمل ہیں وہیں صراط نعت انٹرنیشنل بھی اپنا نمایاں کردار ادا کرتی نظر آتی ہے۔
محترمہ سلمی خان صاحبہ جن کا شمار ملک پاکستان کی صف اول کی ثنا خوانوں میں ہوتا ہے۔ آپ نہ صرف نعت پڑھتی ہیں بلکہ خدا تعالی نے اپکے قلم کو نعت و مناقب اہل بیت لکھنے کے شرف سے بھی سرفراز فرمایا ہے۔ ماضی میں اور دور حاضر میں بھی مرد حضرات کے لئے نعت سیکھنے اور نعت کی اصل کو سمجھنے، جاننے کے بہت سے مواقع موجود تھے، بہت سے نعتیہ ادارے اس کار خیر کو سرانجام دینے میں مصروفِ تھے مگر خواتین کو اس راہ میں کچھ دشواری کا سامنا کرنا پڑتا تھا اسی اثنا میں خواتین کو پیش آنے والی اس دشواری کو مد نظر رکھتے ہوئے محترمہ سلمی خان صاحبہ نے بحکم الہی اک ایسا قدم اٹھایا جو دنیا و آخرت دونوں میں ان کی تکریم کا باعث بھی ہے اور نئی آنے والی ثنا خواں بچیوں کے لیے مشعل راہ بھی۔
آج سے کم و بیش پانچ سال قبل آپ نے صراط نعت انٹرنیشنل کی بنیاد رکھی۔ اور اپ نے نہایت ہی خلوص و محبت اور انتھک محنت سے ادار صراط نعت کی بنیاد اور ساکھ کومستحکم کیا اور رفتہ رفتہ یہ اک کارواں بنتا چلا گیا آور اج صراط نعت انٹرنیشنل نا صرف پاکستان بلکہ کئی بیرونی ممالک میں بھی اپنی شاخیں پھیلا چکی ہے اور خواتین میں فروغ نعت کے حوالے سے اپنا مثبت کردار ادا کر رہی ہے۔ پروفیسر سلمہ خان کی زیر نگرانی نہ صرف نعت سکھائی جاتی ہے بلکہ نعت کے صحیح معنی و مفہوم اور اس کے آداب و احترام کے حوالے سے بھی خواتین بلکہ تمام عمر کی بچیوں کو نعت کی تعلیم و آگاہی دی جاتی ہے۔
عہد حاضر میں ہر چیز میں جدت کو اپناتے ہوئے فروغِ نعت کے لیئے بھی مختلف جدید ذرائع کا استعمال کیا جاتا ہے۔ بانی صراط نعت کی جانب سے بذات خود پاکستان اور پاکستان سے باہر مختلف ممالک میں بچیوں اور خواتین کو بذریعہ زوم ایپ آن لائن نعت کی کلاسز دی جاتی ہیں۔ دور حاضر جہاں ہر چیز میں جدت کا رنگ نمایاں ہے وہیں نعت خوانی اور محافل نعت میں بھی ایک نیا رنگ دکھائی دیتا ہے۔ بہت سی مثبت تبدیلیوں کے ساتھ ساتھ کچھ دلخراش مناظر بھی دیکھنے کو ملتے ہیں۔
اسی اہم و نازک معاملے کو مدنظر رکھتے ہوئے صراط نعت انٹرنیشنل نے اپنی گزشتہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے سینئیر نعت گو شعرا اور ثناخوانوں کی رہنمائی میں "تحریک آداب محافل نعت” کے نام سے ایک کمپین کا آغاز کیا جس کا مقصد محافل نعت کے تقدس، آداب اور نعت کی اصل روح اور اسکی روحانیت کو اجاگر کرنا ہے اور ان روایات کی تجدید کا عہد کرنا تھا جنکی بدولت نعت کو وسیل نجات سمجھا اور مانا جاتا رہا ۔اسی کے ساتھ ساتھ ادار صراط نعت کے زیر اہتمام نعت خوانی، نعتیہ مشاعروں ، آداب محافل نعت اور اس سے منسلک دیگر موضوعات پر مختلف سیمینار ز اور کانفرنسوں کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے جس میں متعدد علما ، نعت گو شعرا اور ملک پاکستان کی مایہ ناز ثنا خواں شخصیات کو گفتگو اور گلہائے عقیدت پیش کرنے کے لیئے مدعو کیا جاتا ہے۔
اس کے علاوہنجی محافل نعت میں بھی نعت خوانی کے ساتھ ساتھ آداب محافل نعت کی تلقین بھی کے جاتی ہے۔ کیونکہ ایک مشہور کہاوت ہے "با ادب با نصیب، بے ادب بے نصیب” اور ذکر ہو جب ادب حضور صل اللہ علیہ وسلم کا تو قرآنی آیت کے مفہوم کی روشنی میں اپنی آواز حضور کی آواز سے بلند کرنا اپنے تمام اعمال اکارت کر دینے کے مترادف ہے۔ تو اسی بنا پر جس محفل میں حضور پاک کا ذکر خیر ہو ادب لازم و ملزوم ہے۔ صراط نعت انٹرنیشنل کی بانی و سر پرست اعلی محترمہ سلمہ خان صاحبہ کی رہنمائی و نگرانی میں تمام ممبران خوشبوئے حسان کے فروغ کے لیئے ہمہ وقت پرجوش اور جذبہ عشق رسول سے دنیا کے ہر کونے کو مہکانے میں ہر لحظہ مصروف دکھائی دیتیں ہیں۔ ادارہ صراط نعت کے فروغ نعت کیلیئے کیے گئے تمام اقدامات کو ملکی سطح پر پذیرائی حاصل ہے جس کی بنا متعدد بار ایوان صدر اور دیگر سرکاری فارمز پر مختلف پروگرامز میں گلہائے نعت پیش کرنے کے لیئے مدعو کیا جاتا ہے۔جیسا کہ سلمہ خان خود فرماتی ہیں
ثنا و نعت کا رستہ تو حق کا رستہ ہے ہر ایک گام پہ نورِ خدا برستاہے
ہدایتوں کے کئی باب کھل گئے مجھ پر کہ عام آدمی اس فیض کو ترستا ہے
اللہ کریم سے دعا ہے کہ حضور پاک کی بارگاہ میں بھی صراط نعت کی یہ عقیدت و محبت مقبول ہو جائے اور صراط نعت ہی ہم سب کے لیئے وسیلہ نجات بن جائے۔جیسا کہ ادار صراط نعت انٹرنیشنل کا سلوگن بھی ہے ،وسیل نجات صراط نعت
۔

About Rizwan Malik

Scroll To Top