اسلام آباد:سیکریٹری داخلہ آفتاب اکبر درانی سے ڈائریکٹر جنرل انٹرنیشنل آرگنائزیشن آف امیگریشن ایمی پوپ نے ملاقات کی ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری داخلہ کا کہنا تھا کہ ہم انٹرنیشنل آرگنائزیشن آف امیگریشن کے حکومت پاکستان سے تعاون پر مشکور ہیںہآئی ایم او کا نادرا، ایف آئی اے ، پاسپورٹ اور امیگریشن کے محکموں سے مختلف سطح پر تعاون جاری ہے۔
آفتاب اکبر درانی نے کہا وزارت داخلہ کو مستقبل میں بارڈر مینجمنٹ میں بھی آئی او ایم کا تعاون درکار ہو گا۔
اس موقع پر سیکرٹری داخلہ اور ڈی جی آئی او ایم نے آئندہ بھرپور تعاون کے عزم کو دہرایا۔سیکرٹری داخلہ نے بتایا کہ پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی واپسی کا سلسلہ جاری ہے اب تک پانچ لاکھ سے زائد لوگ اپنے وطن واپس جا چکے ہیں، جن میں سے نوے فیصد سے زائد افراد کی رضاکارانہ طور پر واپسی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا ہم تمام غیر قانونی طور پر مقیم افراد کی باوقار طور پر اپنے وطن واپسی چاہتے ہیں۔اس عمل کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ کسی بھی فرد کے خلاف کسی بھی قسم کی ہراسگی نہ کی جائے، اس معاملے میں حکومت پاکستان کی زیرو ٹالرنس پالیسی ہے۔
