مریم نواز کا محمد عامر کو فون، ڈپٹی کمشنر ملتان نے بھی محمد عامر سے بات کرکے تمام غلط فہمیاں دور کیں
محمد عامر نے سٹیڈیم میں فیملی کے ساتھ پولیس افسران کی بدتمیزی پر مریم نواز سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا تھا
ملتان:پی ایس ایل 9 کے ایک میچ کے دوران ڈپٹی کمشنر کو کرکٹر محمد عامر سے دادا گیری مہنگی پڑی نومنتخب وزیراعلیٰ مریم نواز نے کرکٹر محمد عامر کی فیملی کے ساتھ بدتمیزی کے واقعہ فوری نوٹس لے لیا۔ پنجاب کی نئی منتخب وزیراعلی مریم نواز نے قومی کرکٹر محمد عامر کی فیملی کے ساتھ سٹیڈیم میں ہونے والے بدتمیزی کے واقعہ پر نوٹس لیتے ہوئے کھلاڑی کو فون کیا جبکہ ڈپٹی کمشنر ملتان نے بھی محمد عامر سے بات کرکے تمام غلط فہمیاں دور کیں ۔
قومی ٹیم کے سابق فاسٹ باولر اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑی محمد عامر نے ٹویٹر پر پیغام جار ی کرتے ہوئے کہا کہ میں وزیراعلی پنجاب مریم نواز کا تہہ دل سے شکرگزار ہوں کہ انہوں نے میری گزارش پر توجہ دی اور اپنے قیمتی وقت میں سے مجھے کال کی ، ڈپٹی کمشنر ملتان نے بھی ذاتی حیثیت میں تمام غلط فہمیاں دور کیں ، میں آپ کی کاوش کو سراہتاہوں اور آپ کے نئے سفر میں میری نیک خواہشات آپ کے ساتھ ہیں ۔
یاد رہے کہ محمد عامر نے ملتان میں پی ایس ایل میچ کے دوران پولیس افسروں کی جانب سے فیملی کے ساتھ کی جانے والے بدتمیزی پر احتجاج ریکارڈ کرواتے ہوئے ٹویٹر پر پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے مریم نواز سے معاملے کا نوٹس لینے کی اپیل کی ۔محمد عامر کا اپنے پیغام میں کہناتھا کہ ملتان کے ڈپٹی کمشنر نے میچ کے دوران مبینہ طور پر میرے اہلخانہ کے ساتھ بدسلوکی کی، تکبرانہ انداز سے گرانڈ کی ملکیت کا دعوی کیا اور میچ کے دوران انہیں بلاجواز باہر نکال دیا، یونیفارم میں طاقت کا یہ غلط استعمال ناقابل برداشت ہے!۔محمد عامر نے مریم نواز کو ایکس پر ٹیگ کرتے ہوئے واقعے پر نوٹس لینے کا بھی مطالبہ کیا تھا۔
واضح رہے کہ 26 فروری کو ضلعی انتظامیہ کے افسران نے محمد عامر، عمر امین اور معین خان کی فیملیز کو پلیئرز باکس سے باہر کر دیا جب کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑیوں اور مینجمنٹ نے شدید احتجاج کیا تھا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑیوں اور مینجمنٹ نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ پی سی بی اس طرح کے اقدامات کی روک تھام کرے، ضلعی انتظامیہ کے افسران کا کوئی حق نہیں بنتا کہ کھلاڑیوں کی فیملیز کے ساتھ اس طرح کا ناروا رویہ اختیار کریں۔
تاہم وزیراعلیٰ کی جانب سے بروقت نوٹس اور ایکشن لئے جانے کے بعد ڈپٹی کمشنر نے فوری طور پر اپنے کاغذ صاف کرتے ہوئے محمد عامر سے معافی مانگ لی اور معاملہ رفع دفع کرادیا ۔