کراچی:پاکستان کی قومی ائر لائن مسلسل خسارے میںجانے کے باعث اس وقت تباہی کے دہانے پر ہے۔ لیکن جیسے ہی اس کی نجکاری کی بات سامنے آئی ہے تو پتہ چلا ہے کہ اس مردہ ہاتھی کو خریدنے کے کئی ایک خواہشمند اب بھی موجود ہیں۔ عرب ممالک میں یو اے ای، سعودی عرب اور قطر نے پی آئی اے کی خریداری میں دلچسپی ظاہر کردی ہے۔
ایک نجی ٹی وی کے مطابق گلف ممالک کے حکام نے پی آئی اے کی خریداری کے لیے حکومتی سطح پر رابطے تیز کردئیے ہیں تینوں ممالک کی کمپنیوں کے سرمایہ کاروں نے حکام سے بات چیت کی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یو اے ای، قطر اور سعودی حکام کو پی آئی اے سے متعلق بریفنگ دی گئی ہے۔ذرائع کا بتانا ہے کہ سب سے زیادہ بولی دینے والی کمپنی کو پی آئی اے فروخت کر دی جائے گی
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں قومی ایئرلائن کی نجکاری کے حوالے سے پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی کا دوسرا فیز مکمل ہونے کے بعد بورڈ کا اعلان کیا گیا تھا۔سیکریٹری نجکاری اور سی ای او پی آئی اے سمیت 7 افراد بورڈ میں شامل ہیں جب کہ سیکریٹری فنانس، سیکریٹری ایوی ایشن ڈویژن بھی بورڈ کا حصہ ہیں۔وفاقی کابینہ نے بورڈ کا چیئرمین اسلم آر خان کو نامزد کیا تھا۔وفاقی کابینہ نے پی آئی اے کے نئے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری چند روز پہلے دی تھی۔ ایس ای سی پی قوانین کے تحت پی آئی اے کے فیصلوں میں بورڈکی منظوری لازمی ہے۔