طلاق کے بعد بھی  والدین ایک ہی گھر میں رہتے ہیں، شہزاد شیخ کا انکشاف

طلاق کے بعد بھی والدین ایک ہی گھر میں رہتے ہیں، شہزاد شیخ کا انکشاف

والدین کی علیحدگی کے باوجود والدہ نے کبھی بھی والد سے ملنے سے نہیں روکا ، طلاق کے باوجود انہوں نے باہم بات چیت ختم نہیں کی

اسلام آباد:نامور فلم ساز جاوید شیخ کے بیٹے اداکار شہزاد شیخ نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے والدین کو اپنی علیحدگی پر آج بھی پچھتاوا ہے اور طلاق کے بعد دونوں ایک ہی گھر میں رہتے ہیں۔یہ گفتگو انہوں نے
میزبان اور کامیڈین احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔اداکار شہزاد شیخ نے حال ہی میں اپنے والدین (جاوید شیخ اور زینت منگی) کی طلاق اور دیگر موضوعات سے متعلق گفتگو کی ان کے انٹرویو کا ایک کلپ سوشل میڈیا پر گردش کررہا ہے جہاں وہ اپنے والدین کی طلاق کے بعد کے حالات پر گفتگو کررہے تھے۔
اداکار نے اس بات کو یقینی بنانے میں اپنی والدہ کے اہم کردار پر زور دیا کہ وہ اور اس کی بہن مومل شیخ نے اپنے والد کے ساتھ تعلق برقرار رکھاتو اس میں ان کی والدہ کا کمال تھا۔اداکار نے کہا کہ ان کی اور بہن مومل شیخ کی پرورش میں ان کی والدہ زینت منگی کا اہم کردار ہے۔
39 سالہ شہزاد شیخ نے بتایا کہ والدین کی علیحدگی کے باوجود والدہ نے کبھی بھی والد سے ملنے سے نہیں روکا بلکہ جب بھی گرمیوں کی چھٹیاں آتی تھیں تو وہ ہم دونوں کو چھٹیاں گزارنے کے لیے لاہور بھیجتی تھیں تاکہ ہم اپنے والد و دیگر کزنز کے ساتھ وقت گزار سکیں۔اداکار نے کہا کہ اپنی والدہ اور والد کی آنکھوں میں دیکھ کر لگتا ہے کہ ان کا علیحدگی کا فیصلہ درست نہیں تھا، اگر آپ کسی کی آنکھوں میں پچھتاوا دیکھ لیں تو اس کے بارے میں آپ کیا ہی کر سکتے ہیں۔
ماضی کے اختلافات کے باوجود شہزاد شیخ نے انکشاف کیا کہ طلاق کے بعد ان کے والدین نے آپس میں بات چیت ختم نہیں کی، تمام لوگ ایک ساتھ گھر میں رہتے ہیں، والد نچلی منزل پر رہتے ہیں جبکہ والدہ بالائی منزل پر رہائش پذیر ہیں۔شہزاد شیخ نے کہا کہ میرے والدین کو آج تک پچھتاوا ہے کہ ان کا طلاق کا فیصلہ غلط تھا لیکن ان دونوں کے درمیان جھگڑے آج بھی ویسے ہی ہیں جو سالوں پہلے تھے۔
یاد رہے کہ جاوید شیخ کی پہلی شادی زینت منگی سے ہوئی تھی، اس وقت اداکار کیریئر کے عروج پر تھے۔اداکار کے پہلی اہلیہ سے 2 بچے اداکارہ مومل شیخ اور اداکار شہزاد شیخ بھی ہیں جو اب خود بچوں کے والدین بھی بن چکے ہیں۔جاوید شیخ نے پہلی اہلیہ سے طلاق کے بعد دوسری شادی اداکارہ سلمی آغا سے کی تھی لیکن ان کے ساتھ بھی ان کی دوسری شادی طلاق پر ختم ہوئی تھی۔
ماضی میں اداکار جاوید شیخ خود بھی اپنی شادیوں اور طلاقوں پر کھل کر بات کر چکے ہیں اور اگست 2023 میں انہوں نے ایک ٹی وی پروگرام میں پہلی شادی کی ناکامی سمیت طلاق پر اظہار افسوس کیا تھا۔جاوید شیخ نے کہا تھا کہ ان کی خواہش تھی کہ ان کی پہلی شادی طلاق پر ختم نہ ہوتی اور کاش ایسا نہ ہوتا، ایسا ہونے پر انہیں پچھتاوا اور افسوس ہے۔اگرچہ انہوں نے کہا کہ وہ نہیں بلکہ ان کی پہلی اہلیہ علیحدہ ہوئی تھیں، تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ ان کی اہلیہ کی جانب سے علیحدگی اختیار کرنے کی کیا وجوہات تھیں۔
جاوید شیخ نے سلمیٰ آغا سے علیحدگی کے بعد اداکارہ نیلی سے شادی کی تھی اور جاوید شیخ اکثر اس بات کا بھی اظہار کرتے رہتے تھے کہ سلمیٰ آغا سے علیحدگی کے بعد نیلی نے ہی انہیں سنبھالا دیا تھا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔

About Rizwan Malik

Scroll To Top