نئے اقدامات اور مناسک حج سے متعلق 122 مقامات پر 40 حج ٹرینرز تربیت فراہم کریں گے
حاجی کیمپس میں لازمی ویکسین کا عمل اپریل کے اختتام پر؛ حج پروازیں 9 مئی تا 9 جون چلائی جائیں گی
تمام عازمینِ حج کیلئے سمارٹ فون لے جانا لازم ہو گا تاکہ سفرِ حج کے دوران مفید موبائل ایپس کا استعمال کر سکیں
اسلام آباد: عازمینِ حج کی تربیت کا دوسرا مرحلہ 15 اپریل سے شروع ہو گا۔ ملک بھر میں 122 مقامات پر وزارت مذہبی امور کے 40 ریسورس پرسن اور حاجی کیمپس میں خطبا کے ذریعے تربیت کا دوسرا مرحلہ مکمل کیا جائے گا۔ یہ بات چیف ماسٹر ٹرینر احمد ندیم خان نے وزارت کے حج ماسٹر ٹرینرز کی تربیت کے اختتامی سیشن سے خطاب کے دوران کہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزارت کے تجربہ کار افسران پر مشتمل حج نصاب کمیٹی نے کئی دنوں کی شبانہ روز محنت کے بعد حج تربیتی نصاب کو حتمی شکل دی گئی ہے۔ کمیٹی نے متعلقہ حاجی کیمپس کے ساتھ طویل مشاورت کے بعد حجاج کی تربیت کے دوسرے مرحلے کے لئے تربیتی شیڈول اور تربیتی مقامات کو حتمی شکل دی ۔
دوسرے مرحلے میں مضافاتی علاقوں سے تعلق رکھنے والے عازمین حج کو بڑے تربیتی مقامات پر اکٹھا کیا جائے گا تاکہ وقت اور وسائل کی بچت کے ساتھ ساتھ پروازیں شروع ہونے سے پہلے تربیتی مرحلے کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔
چیف ماسٹر ٹرینر کا کہنا تھا کہ وزارت کا مشن ہے کہ ہر عازم حج مناسکِ حج اور انتظامی امور سے پوری طرح باخبر ہو اور نظم و ضبط اور یکسوئی کے ساتھ اپنی عبادت کو انجام دے۔ تربیت کا ایک مقصد عازمینِ حج کو وزارتِ مذہبی امور کے انتظامات اور سرکاری حج سکیم کی سہولیات سے بھی آگاہ کرنا ہے تاکہ ضرورت پڑنے پر اپنے یا ساتھی حجاج کیلئے رہنمائی اور مدد لی جا سکے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ نئے اقدامات اور مناسک حج سے متعلق 122 مقامات پر 40 حج ٹرینرز تربیت فراہم کریں گے۔ حاجی کیمپوں میں تمام عازمینِ حج کی لازمی ویکسین کا عمل حج پروازوں سے دس دن قبل شروع کیا جائے گا اور وزارت کی ہدایات کے مطابق مرحلہ وار تمام عازمینِ حج کو سوٹ کیس، ہیڈ کیری بیگ، جوتوں کیلئے تھیلا ، احرام بیلٹ اور خواتین کے لئے سبز رنگ کے پاکستانی پرچم والے سکارف مہیا کیے جائیں گے۔ فلائٹ شیڈول عید الفطر کے بعد جاری کیا جائے گا۔ حج پروازیں 9 مئی تا 9 جون چلائی جائیں گی۔ تمام عازمینِ حج کیلئے سمارٹ فون لے جانا لازم ہو گا تاکہ سفرِ حج کے دوران مفید موبائل ایپس کا استعمال کر سکیں۔