ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی  تین روزہ دورے پرپاکستان آمد

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی تین روزہ دورے پرپاکستان آمد

اسلام آباد:ایران کے صدر ابراہیم رئیسی تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں ۔ ان کے دورہ پاکستان کے موقع پر اہم معاہدات اور مفاہمتوں کی یادداشتوں پر دستخط ہوں دفتر خارجہ کے مطابق ایرانی صدر کے ساتھ خاتون اول، وزیر خارجہ، کابینہ کے دیگر ارکان اور اعلی حکام کے ساتھ ساتھ ایک بڑا تجارتی وفد بھی ہمراہ ہوگا۔
ایرانی صدر ابراہیم رئیسی، وزیر اعظم شہباز شریف، صدر آصف علی زرداری، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی اور اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے ملاقاتیں کریں گے۔
ابراہیم رئیسی لاہور اور کراچی بھی جائیں گے جہاں وزراء اعلی اور دونوں صوبوں کے گورنرز سے بھی ملاقات کریں گے ۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اس دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان پاکستان ایران تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، تجارت، رابطے، توانائی، زراعت اور عوام سے عوام کے رابطوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کا وسیع ایجنڈا ہوگا۔
ایرانی صدر کی آمد سے قبل سیکیورٹی پلان مرتب دے دیا گیا، اس سلسلے میں وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔اس سلسلے میں پاکستان میں ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے وزیر داخلہ سے ملاقات میں سیکیورٹی امور سے متعلق تبادلہ خیال کیاگیا۔
صدر ابراہیم رئیسی کے دورہ کراچی کے موقع پر کراچی میں تمام نجی اور سرکاری دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے،منگل کو ایرانی صدر کو جامعہ کراچی پی ایچ ڈی کی اعزازی سند دیگی،جبکہ ان کی اہلیہ خاتون اول ڈاکٹر جمیلہ عالم الہدی کی تحریر کردہ کتاب کی تقریب رونمائی بھی جامعہ کراچی کے زیر اہتمام آئی بی اے سٹی کیمپس میں شام کو ہوگی۔
8 فروری کے عام انتخابات کے بعد کسی بھی سربراہ مملکت کا یہ پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا۔ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ دونوں ممالک کی قیادتیں علاقائی اور عالمی پیش رفت اور دہشت گردی کے مشترکہ خطرے سے نمٹنے کے لئے دو طرفہ تعاون پر بھی بات کریں گے۔ترجمان نے کہاکہ پاکستان اور ایران کے درمیان مضبوط تاریخی، ثقافتی اور مذہبی دوطرفہ تعلقات ہیں، یہ دورہ پاک۔ ایران تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا ایک اہم موقع ہے۔
ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کراچی میں مزار قائد پر بھی حاضری دیں گے۔صدر رئیسی(آج) پیر کو وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات کریں گے، وزیراعظم کی طرف سے ایرانی مہمانوں کو ظہرانہ دیا جائے گا۔
۔۔۔۔

About Rizwan Malik

Scroll To Top