چینی شہریوں کی سکیورٹی بہت عزیز ہے، چینی شہریوں کی آمدورفت کیلئے ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرایا جا رہا ہے:محسن نقوی
کراچی۔ چینی قونصلیٹ آمد پر وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا چینی قونصل جنرل یانگ یونڈونگ خیرمقدم کر رہے ہیں
کراچی:وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کراچی میں چین کے قونصل جنرل یانگ یونڈونگ سے ملاقات کی۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا چینی قونصلیٹ آمد پر چینی قونصل جنرل نے استقبال کیا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور چینی شہریوں کی سکیورٹی سے متعلق تبادلہ خیال کیاگیا۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے پاکستان خصوصاً کراچی میں چینی شہریوں کی حفاظت کے لئے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ محسن نقوی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ چینی شہریوں کی سکیورٹی بہت عزیز ہے۔ چینی شہریوں کی آمدورفت کے لیے ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرایا جا رہا ہے۔ چینی شہریوں کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنانا ہمارا فرض ہے۔ انہوں نے کہاکہ دشمن پاک چین دوستی کو زک پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے۔ دشمن کی ایسی ہر سازش ناکام بنائیں گے۔ پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہو سکتی۔ چینی قونصل جنرل نے سکیورٹی پلان پر اطمینان کا اظہار کیا۔وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا اور چینی قونصلیٹ کے حکام بھی اس موقع پر موجود تھے