9مئی سیاہ دن، واقعہ میں ملوث لوگوں کو سزائیں ملنی چاہئیں، وزیر داخلہ محسن نقوی
اسلام آباد۔:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہاسلام آباد میں چینی شہریوں کی سیکورٹی کے لئے نئی فورس تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے
9 مئی ایک سیاہ دن ہے جو کبھی بھی نہیں بھولے گا ، واقعہ میں ملوث لوگوں کو سزائیں ملنی چاہیں، گندم درآمد یا برآمد کرنے میں حکومت پنجاب کا کوئی عمل دخل نہیں تھا ، خواہش ہے کہ گندم سکینڈل کی شفاف تحقیقات ہوں تا کہ حقائق قوم کے سامنے آئیں ، اسلام آباد میں چائینز کی سکیورٹی کے لئے نئی فورس تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، اسلام آباد کے تھانوں کی حالت بدلنے کے ایجنڈے پر گامزن ہیں ۔ وہ جمعرات کو اسلام آباد پولیس مارگلہ پیٹرول یونٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے
۔ انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد ناصر محمود رضوی ، ڈی آئی جی آپر یشنز شہزاد بخاری ، ڈی آئی جی ہیڈکواٹر سید مصطفی تنویر ، ڈی آئی جی شاکر حسین ڈاور ،ایس ایس پی ٹریفک محمد سرفراز ورگ سمیت دیگر پولیس حکام موجود تھے ۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے فرینڈز آف پولیس سے ہاتھ ملایا اور ان سے گفتگو کی۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے موٹر سائیکل اور گھڑ سوار یونٹ کا معائنہ کیا ۔ انہوں نے نے مارگلہ ٹریلز پٹرول یونٹ کے پولیس افسران سے ملاقات کی اور انہیں محنت سے فرائض ادا کرنے کی تلقین کی۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ 60 پولیس افسران پر مشتمل فورس مارگلہ ٹریلز پر گشت کرے گی۔ مارگلہ پٹرول یونٹ مارگلہ ٹریلز پر لوگوں کی حفاظت کے لئے تشکیل دیا گیا ہے۔یہ یونٹ فٹ پٹرول ،موٹرسائیکل پٹرول اور گھڑ سوار پٹرول پر مشتمل ہے۔ مارگلہ ٹریلز یونٹ کی تشکیل کا مقصد ٹریلز پر آنے والے شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے۔ اگر کوئی شہری راستہ بھول جاتا ہے یا کوئی ایمرجنسی ہوجاتی ہے تو یہ افسران فوری مدد کے لئے پہنچیں گے۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی مارگلہ ٹریلز کے علاقے میں موبائل سگنل کا مسئلہ حل کرنے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ موبائل ٹاور لگانے کا جائزہ لیا جائے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اسلام آباد کے 6 ٹریلز کی سکیورٹی موثر بنانے کے بعد نہ صرف اپنے شہریوں بلکہ غیر ملکیوں کی آمدورفت میں بھی اضافہ ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ اسلام آباد کے ہر تھانے میں 100 فیصد ایف آئی آر بروقت درج ہوسکیں ۔ 9 مئی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 9 مئی ایک سیاہ دن ہے جو کبھی بھی نہیں بھولے گا ۔ اس دن صبح سے ہی ہر اگلے لمحے ایسا پیغام موصول ہورہا تھا کہ جیسے ملک پر حملہ ہوگیا ہو ، 9 مئی کوئی معمولی واقعہ نہیں اس میں شامل لوگوں کو سزائیں ملنی چاہیں ۔ ۔ اس دن تمام سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر اپنی افواج اور سکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑا ہونے کا دن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی سے سبق سیکھ لیا کہ ایسے مواقعوں پر نرمی سے پیش نہیں آنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اگر کسی سے غلطی ہو جاتی ہے تو وہ اسے تسلیم کرتا ہے اور اسکی اصلاح کی کوشش کرتا ہے ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پنجاب میں 3 ہزار چائینز کے لئے 10 ہزار جوانوں پر مشتمل سپیشل پروٹیکشن یونٹ موجود ہے جبکہ اسلام آباد میں 7 ہزار چائنیز کے لئے چند جوان ہیں ، چائنیز کی سکیورٹی کے لئے ہمیں نئی فورس تشکیل دینا پڑی تو گریز نہیں کریں گے ، ہم نےاسلا م آباد میں موجود چائینز سمیت تمام غیر ملکیوں کی سکیورٹی کو 100 فیصد فول پروف بنانا ہے ۔ انہوں نےکہا کہ گندم برآمد کے حوالے سے میرا کوئی عمل دخل نہیں ہے، بطور وزیر اعلی پنجاب گندم درآمد یا برآمد کا حصہ نہیں رہا، پنجاب حکومت کی گندم کی جو ضرورت تھی وہ پور ی ہوگئی تھی اور وفاق سطح پر گندم خریداری کے حوالے سے سابق وزیراعظم بھی واضح کر چکے ہیں۔ اس حوالے سے مجھ پر جو الزامات لگانے کی کوشش کرر ہے ہیں انھیں بتانا چاہتا ہوں کہ رشوت لینے اور دینے والے دونوں جہنمی ہیں ۔ قبل ازیں آئی جی اسلام آبا د ناصرمحمود رضوی نے وزیر داخلہ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ فٹ پٹرول میں 10 پولیس افسران شامل ہیں جو مکمل حفاظتی کٹ کے ساتھ ٹریلز پر پیدل گشت کریں گے، موٹرسائیکل یونٹ 06 موٹرسائیکلز اور 16 افسران پر مشتمل ہے۔ گھڑ سوار 8 گھوڑوں پر ٹریلز پر گشت کریں گے۔