چار سے سات جون کے درمیان ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا امکان موسم خوشگوار ہو جائے گا، محکمہ موسمیات
اسلام آباد:ملک بھر میں گرمی کے ہاتھوں ستائے عوام کے لئے اچھی خبر یہ ہے کہ رواں ہفتے بارشوں کا امکان ہے جس سے گرمی کا زور ٹوٹ جائے گا اور موسم قدرے خوشگوار ہو جائے گا۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے ایڈوائزری جاری کی گئی ہے جس میں رواں ہفتے گرمی کی لہر ختم ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس ہفتے گرمی کی لہر ختم ہوجائے گی جبکہ محکمے کی طرف سے 4 تا 7 جون بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔ خیبر پختونخوا میں بھی 4 سے 8 جون کے دوران بارش کا امکان ہے۔
پنجاب اور اسلام آباد میں 4 سے 6 جون کے دوران بارش متوقع ہے، اس کے علاوہ بلوچستان میں 5 سے 7 جبکہ سندھ میں 6 سے 7 جون تک بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ کراچی اور اسلام آباد سمیت ملک کے کئی شہروں میں کئی دنوں سے گرمی کا راج برقرارہے۔
کراچی میں درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ بھی ریکارڈ کیا جائے تو گرمی کی شدت 42 ڈگری سینٹی گریڈتک محسوس کی جارہی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ جنوب مغرب سمت سے9 کلومیٹرفی گھنٹے کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد ہے۔چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بتایا تھا کہ 2 جون سے ہیٹ ویو کا سلسلہ ختم ہوجائیگا تاہم جون میں کراچی میں موسم گرم اور مرطوب ہی رہے گا۔
۔