اسلام آباد : او آئی سی کے افریقی ممبر ممالک میں نابینا پن کے بڑھتے ہوئے چیلنج سے نمٹنے کے لیے ایک مشترکہ کوشش میں، کامسٹیک (او آئی سی وزارتی قائمہ کمیٹی برائے سائنسی اور تکنیکی تعاون) اسلامی ترقیاتی بینک، اور لیٹن رحمت اللہ بینوولینٹ ٹرسٹ ہسپتال نے او آئی سی کے افریقی رکن ممالک کے ماہرین امراض چشم کے لیے ایک جامع تربیتی پروگرام شروع کیا ہے۔اس ایک سالہ تربیتی پروگرام کا مقصد برکینا فاسو، چاڈ، آئیوری کوسٹ، جبوتی، گنی، مالی، موریطانیہ، موزمبیق، صومالیہ اور ٹوگو کے 18 ڈاکٹروں کو گلوکوما اور ذیابیطس ریٹینوپیتھی کے علاج میں جدید مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے۔یہ تربیت کورنگی، کراچی کے لیٹن رحمت اللہ بینوولینٹ ٹرسٹ ہسپتال میں دی جا رہی ہے، جو ایک معروف غیر منافع بخش تنظیم ہے یہ تنظیم نابینا پن کو روکنے اور آنکھوں کی اعلی معیار کی دیکھ بھال فراہم کرنے کے لیے وقف ہے۔
اس پروگرام میں بچوں اور بالغ مریضوں کے لیے طبی اور جراحی دونوں طرح کے علاج کی تربیت شامل ہے، جو ان ڈاکٹروں کو اپنے آبائی ممالک میں واپس آنے پر آنکھوں کی دیکھ بھال میں کلیدی کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کرے گی۔ اس پروگرام سے نابینا پن کو روکنے اس کا علاج کرنے، زندگیوں اور کمیونٹیز کو تبدیل کرنے کی مقامی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ ہوگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔