ٹی 20 ورلڈ کپ سپر 8 بھارت نے افغانستان ، انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو ہرادیا

بھارت نے افغانستان کو 47 رنز سے شکست دی،جبکہ انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو آٹھ وکٹوں سے ہرایا

اسلام آباد:امریکہ میںکھیلے جانے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں بھارت نے افغانستان کو 47 رنز سے ہرادیا جبکہ انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو آٹھ وکٹوں سے شکست دی ہے۔ سپر ایٹ مرحلے کے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ نے امریکہ کو ہرایا تھا۔
بھارت اور افغانستان کے میچ میں بھارت کی جانب سے دیئے گئے، 182 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی ٹیم مقررہ اوورز میں صرف 134 رنزبنا سکی، عظمت اللہ عمر زئی 26، نجیب اللہ زدارن 19 اور گلاب دین نائب 17 رنز بنا کر نمایاں رہے۔بھارت کی جانب سے ارشدیپ سنگھ اور جسپریت بمراہ نے 3،3 جبکہ کلدیپ یادیو نے دو اور رویندرا جڈیجہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل بارباڈوس برج ٹاون میں کھیلے جا رہے میچ میں بھارت نے افغانستان کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز سکور کیے۔ بھارت کی جانب سے سوریا کمار یادیو 28 گیندوں پر 3 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 53 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ہاردک پانڈیا 32، ویرات کوہلی 24، رشب پنت 20، اکشر پٹیل 12، شیوم ڈوبے 10، کپتان روہت شرما 8 اور روندر جڈیجہ 7 رنز بنا کر آٹ ہوئے۔
افغانستان کی جانب سے کپتان راشد خان اور فضل حق فاروقی نے 3، 3 جبکہ نوین الحق نے 1 وکٹ حاصل کی۔
سینٹ لوشیا میں آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے سپر ایٹ مرحلے کے دوسرے میچ میں انگلینڈ نے میزبان ویسٹ انڈیز کو شکست دیدی۔سینٹ لوشیا کے ڈیرن سیمی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ کے سپر 8 مرحلے کے دوسرے میچ میں انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کا 181 رنز کا ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر 18 ویں اوور میں پورا کر لیا۔
انگلینڈ کی جانب سے اوپنر بلے باز فل سالٹ 47 گیندوں پر 87 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ناٹ آٹ رہے، ان کی اننگز میں 7 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے جبکہ جونی بیرسٹو نے بھی 26 گیندوں پر 47 رنز کی ناٹ آٹ اننگز کھیلی۔انگلش ٹیم کے کپتان جوش بٹلر 22 گیندوں پر 25 جبکہ معین علی 10 گیندوں پر 13 رنز بنا پائے، ویسٹ انڈیز کی جانب سے روسٹن چیز اور آندرے رسل نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین بھیجا۔
قبل ازیں انگلینڈ کی دعوت پر میزبان ویسٹ انڈیز نے بیٹنگ کا آغاز کیا اور ذمہ داری سے کھیلتے ہوئے انگلش بالرز کو مشکل میں ڈالے رکھا، اوپنر برینڈن کنگ 23 رنز پر ریٹائرڈ ہرٹ ہو کر واپس لوٹ گئے، ان کی جگہ پر آنے والے نکولس پورن نے جونسن چارلس کا بھرپور ساتھ دیا اور ٹیم کا مجموعی سکور 94 تک پہنچا دیا اس کے بعد جونسن چارلس 38 رنز پر کیچ دے بیٹھے۔جونسن چارلس کے آئوٹ ہونے کے بعد کپتان رومن پاول نے بھی انگلش بالرز کی ایک نہ چلنے دی اور 17 بالز پر 36 رنز بنا کر پویلین لوٹے، جارح مزاج بیٹر آندرے رسل صرف ایک ہی رن بنا پائے۔شرفین رتھرفورڈ 28 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے، انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر، عادل رشید، معین علی اور لیام لیونگسٹون نے ایک ایک کھلاڑی کو آٹ کیا۔
قبل ازیں سپر ایٹ کے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ نے میزبان امریکہ کو شکست دی تھی۔ جس میں جنوبی افریقن اوپنر ڈیکاک نے 74 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی تھی۔
۔۔۔۔۔

About Rizwan Malik

Scroll To Top