سیمی فائنل میں یک طرفہ مقابلے کے بعد افغانستان کو 9 وکٹ سے شکست دی
دوسرا سیمی فائنل آج بھارت اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا،فائنل ہفتے کو ہوگا
ٹرینیڈاڈ: ویسٹ انڈیز کے شہر ٹرینیڈاڈ کے برائن لارا اسٹیڈیم میںکھیلے جانے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ افغانستان کو یک طرفہ مقابلے کے بعد 9 وکٹ سے شکست دے کر ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچ گیا ہے۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم تاریخ میں پہلی بار ٹی 20 ورلڈ کپ کا فائنل کھیلے گی۔ دوسرا سیمی فائنل آج بھارت اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ فائنل ہفتے کے روز کھیلا جائے گا۔
ٹی 20 ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ نے افغانستان کی جانب سے دیا گیا 57 رہز کا ہدف باآسانی ایک وکٹ کے نقصان پر پوار کر لیا۔
جنوبی افریقی بولرز کے سامنے افغانستان کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی، جیت کیلئے صرف 57 رنز کا ہدف دیا، جنوبی افریقا نے مطلوبہ ہدف 1 وکٹ کے نقصان پر 8.4 اوورز میں ہی حاصل کرلیا۔
جنوبی افریقا کیخلاف ٹاس جیتنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 11.5 اوورز میں افغانستان کی پوری ٹیم محض 56 رنز بنا کر آل آئوٹ ہوگئی۔ افغانستان کی جانب سے صرف عظمت اللہ عمر زئی 10 رنز بنا سکے ہیں، رحمان اللہ گر باز، محمد نبی اور نو ر احمد صفر پر آٹ ہو ئے۔ابراہیم زدران 2،گلبدین نائب 9، ننگیالیا خروٹے2، کریم جنت 8، راشد خان 8 اور نوین الحق 2 رنز اسکور کر پائے۔
جنوبی افریقا کی جانب سے مارکو جانسن اور تبریز شمسی نے 3، 3 جبکہ رباڈا اور اینرک نوکیا نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
افغانستان کیخلاف اننگز اوپن کرنے کیلئے آنے والے جنوبی افریقی بیٹر کوئنٹن ڈی کوک 5 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔جنوبی افریقا کے ریزا ہینڈرکس نے 29 اور کپتان ایڈرن مارکرم نے 23 رنز کی ناٹ آٹ اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو فائنل میں پہنچانے میں کردار ادا کیا۔افغانستان کی جانب سے اننگز کی واحد وکٹ فضل حق فاروقی نے حاصل کی۔ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل کیلئے افغانستان اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں ٹرینیڈاڈ کے برائن لارا اسٹیڈیم میں مد مقابل تھیں۔آج ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا دوسرا سیمی فائنل بھارت اور انگلینڈ کے درمیان شام ساڑھے سات بجے پروویڈینس میں ہوگا، ایونٹ کا فائنل ہفتہ 29 جون کو برج ٹاون میں کھیلا جائے گا۔
یاد رہے کہ افغانستان نے سپر 8 مرحلے میں ایونٹ کی خطرناک ٹیم آسٹریلیا کو اپ سیٹ شکست دی تھی۔اس کے بعد افغانستان کی ٹیم نے بنگلادیش کو ڈک ورتھ لوئیس سسٹم کے تحت 8 رنز سے شکست دے کر پہلی بار آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کیاتھا۔
آج کھیلے جانے والے دوسرے سیمی فائنل میں بھارت کو انگلینڈ پر یہ برتری حاصل ہے کہ بارش کے امکان کے باوجود بھارت اور انگلینڈ کے سیمی فائنل کیلئے اضافی دن نہیں رکھا گیا ہے۔ آئی سی سی نے دونوں سیمی فائنلز کے لیے الگ الگ رولز بنائے ہیں۔
افغانستان اور جنوبی افریقا کے میچ میں بارش کی صورت میں سیمی فائنل اگلے دن ہوگا جبکہ بھارت اور انگلینڈ کا سیمی فائنل بارش کے باعث نہ ہوسکا تو بھارت فائنل میں جائیگا اور اس میچ کے لیے کوئی اضافی دن نہیں رکھا گیا۔اس طرح دوسرا سیمی فائنل بارش کی وجہ سے منسوخ ہونے کی وجہ سے بھارت بغیر کھیلے فائنل میں کیسے پہنچے گا؟
بھارت اور انگلینڈ کے سیمی فائنل میچ کیلئے ریزرو ڈے کے بجائے 250 منٹ کا اضافی وقت ہوگا البتہ میچ منسوخ ہونے کی صورت میں بھارت سپر 8 مرحلے کے گروپ ون میں اپنی پہلی پوزیشن کی بنیاد پر فائنل میں پہنچ جائے گا۔
واضح رہے کہ گروپ 1 میں بھارت مسلسل3 میچز میں کامیابی کے بعد پہلی پوزیشن پر براجمان تھا جبکہ انگلینڈ گروپ 2 میں 4 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر تھا۔لیکن 28 جون کو ٹریول ڈے ہونے کی وجہ سے 27 جون کو بھارت اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والا میچ اسی دن مکمل کرنا پڑے گا اور اس لیے آئی سی سی نے اس سیمی فائنل کے لیے 250 منٹ کا اضافی وقت مختص کیا ہے۔
گیانا میں 27 جون کو صبح سے لیکر شام چار بجے تک بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، امید کی جارہی ہے کہ آئی سی سی کی جانب سے اضافی وقت میں میچ مکمل ہوجائے گا۔تاہم بارش کی وجہ سے میچ منسوخ ہو جاتا ہے تو سپر 8 مرحلے کی ٹاپ پوزیشن والی ٹیم فائنل کے لیے کوالیفائی کر لے گی۔