وزیرداخلہ محسن نقوی سے اطالوی سفیر میریلینا ارملین کی ملاقات

اٹلی مختلف شعبوں میں پاکستان کے ہنر مند افراد کی خدمات سے فائدہ اٹھا سکتا ہے اس سے انسانی اسمگلنگ کی حوصلہ شکنی ہوگی

اسلام آباد: ؤوفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے پاکستان میں تعینات اطالوی سفیر میریلینا ارملین نے ملاقات کی ہے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ وفاقی وزیر داخلہ نے اس موقع پر کہا کہ انکا حالیہ دورہ اٹلی انتہائی کامیاب اور موثر رہا، اطالوی ہم منصب سے ملاقات میں غیر قانونی انسانی اسمگلنگ کے خلاف مل کر کام کرنے پر اتفاق ہوا۔ اس سلسلے میں اطالوی وزارت داخلہ کا وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا۔ وفد پاکستانی حکام سے ملاقات اور بارڈر کا بھی دورہ کرے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ انسداد منشیات اور انسانی سمگلنگ کو روکنے کیلئے دونوں ممالک کو باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اس کے تدارک کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں. اگر ہم انسانی اسمگلنگ کو بارڈر پر روکنے میں کامیاب ہوتے ہیں تو یہ دونوں ممالک کے لئے سود مند ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہنرمند افرادی قوت کی منتقلی سے بھی انسانی اسمگلنگ کی حوصلہ شکنی ہوگی، اٹلی مختلف شعبوں میں پاکستان کے ہنر مند افراد کی خدمات سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ نے اطالوی سفیر کو اپنے اطالوی ہم منصب کے دورہ پاکستان کا باقاعدہ دعوت نامہ بھی پیش کیا۔ اطالوی سفیر نے مختلف شعبوں میں تعاون پر وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں پرکمانڈنٹ فرنٹیئر کانسٹیبلری معظم جاہ انصاری، آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی ، وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ کے سینئر حکام بھی شریک تھے۔

About Rizwan Malik

Scroll To Top