اسلام آباد:تحریک تحفظ سرکاری ملازمین اور اعوان یوتھ آرگنائزیشن نے بجلی کے بلوں اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور مہنگائی کے خلاف احتجاجی تحریک چلانے پر اتفاق کر لیا۔ بانی صدر اعوان یوتھ آرگنائزیشن ملک آفاق اعوان نے عوامی بیٹھک ستارہ مارکیٹ میں چئیرمین تحریک تحفظ سرکاری ملازمین جاوید انتظار، مرکزی رابطہ سیکرٹری راجہ عمران بگا، مرکزی رکن تحریک اور ریڈیو پاکستان کے لیبر لیڈر محمد اعجاز سے تفصیلی ملاقات اور مشاورت کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی فلاحی اور فکری امور پر بات چیت کی گئی۔
جاوید انتظار نے کہا کہ جولائی میں بجلی کے بلوں سے عوام کی چیخیں نکلیں گی۔ آئی پی پیز پر عوام کی خون پسینے کی کمائی مفت کا مال سمجھکر لٹائی جارہی ہے۔ ملک آفاق اعوان نے کہا کہ مہنگائی کے خلاف ملکر نکلیں گے۔ راجہ عمران بگا نے کہا کہ حکومت کے مہنگائی اور سرکاری محکموں کی نج کاری، بجلی کے بلوں میں بے تحاشہ اضافے ، دیگر انگنٹ ٹیکسز نے عوام کا جینا محال کردیا ہے۔ تحریک تحفظ سرکاری ملازمین کی قیادت بجلی کے بلوں میں اضافے اور مہنگائی کے خلاف تحریک کے عہدیداران اور ذمہ داران سے مشاورت کے بعد پاور شو کریں گے۔ اس ضمن میں سب سیکٹرز کے اراکین مرکزی اور تنظیمی کمیٹی سے مشاورتی عمل شروع کر رہے ہیں۔
محمد اعجاز نے کہا کہ تحریک تحفظ سرکاری ملازمین عوامی حقوق کے تحفظ کی منظم اور توانا آواز ہے۔ بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینا بھی ہماری حکمت عملی میں شامل ہے۔ قائدین نے ملاقاتیں جاری رکھنے اور مفاد عامہ کے لئے مشترک جدوجہد کے عزم کے پختہ عزم کے اعادے پر زور دیا۔