پاکستان کو دوسری بار ہوم سیریز پر کلین سوئپ کا سامنا کرنا پڑا،قبل ازیں انگلینڈ نے 2022 میں 3/0 سے دھول چٹائی تھی
بنگلہ دیش نے سیریز میں کئی ریکارڈ بھی اپنے نام کئے ، نہ صرف پہلا ٹیسٹ اور پہلی سیریز جیتی بلکہ وائٹ واش بھی کیا
یہ وقت بھی آنا تھا ، سٹارز پاکستان کی عزت بچا سکے نہ اپنی ساکھ ،کپتان نے حسب روایت معافی مانگ لی، کھیل ختم پیسہ ہضم
اسلام آباد:پاکستان کے دورے پر آئی بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم نے تاریخ رقم کر دی ،۔بنگلہ دیش نے ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی بار پاکستان کو 2 میچوں کی سیریز میں کلین سوئپ کرکے تاریخ رقم کی پاکستان کو دوسری بار ہوم سیریز پر کلین سوئپ کا سامنا کرنا پڑا، انگلینڈ نے 2022 میں پاکستان کو 3 میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کیا تھا۔دوسرے ٹیسٹ کے آخری روز پاکستانی بالرز 185 رنز کے ہدف کے دفاع میں ناکام ر ہے اور مہمان ٹیم نے دوسرے ٹیسٹ میں 6 وکٹوں سے تاریخی فتح حاصل کرکے پاکستانی ٹیم کو وائٹ واش کردیا۔
اس سے قبل راولپنڈی میں ہی کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش نے تاریخ میں پہلی بار پاکستانی ٹیم کو ٹیسٹ میچ میں شکست دی تھی، مہمان ٹیم نے پہلے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں پاکستانی ٹیم کو صرف 146 رنز پر آئوٹ کرکے 10 وکٹ سے تاریخی فتح حاصل کی تھی۔
پہلی اننگز میں 26 رنز پر 6 کھلاڑی آٹ ہونے کے بعد 138 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلنے والے بنگلادیش کے وکٹ کیپر بلے باز لٹن داس کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جب کہ سیریز میں 155 رنز اور 10 وکٹیں حاصل کرنے والے مہدی حسن میراز پلیئر آف دی سیریز قرار پائے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دورے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کا کھیل بارش کی وجہ سے منسوخ ہوگیا تھا، دوسرے دن پاکستان پہلی اننگز میں 274 رنز پر آٹ ہوگئی تھی۔جس کے جواب میں بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم 262 رنز بنانے میں کامیاب رہی تھی اور پاکستان کو 12 رنز کی برتری ملی تھی لیکن دوسری اننگز میں قومی ٹیم صرف 172 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
مہمان ٹیم کو آخری روز جیت کیلئے 185 رنز کا ہدف ملا تھا جس کے تعاقب میں بنگلہ دیش نے بغیر کسی نقصان کے 42 رنز بنالیے تھے۔ پانچویں دن کھانے کے وقفے تک بنگلادیش نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 122 رنز بنائے۔کھانے کے وقفے تک کپتان نجم الحسن شانتو 33 اور ممن الحق 20 رنز بنا کر کریز پر موجود تھے، آئوٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں اوپنر ذاکر حسن اور شادمان الاسلام شامل ہیں جو بالترتیب 40 اور 24 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔وفقے کے بعد کھیل کا آغاز ہوا تو کپتان اپنے انفرادی اسکور میں صرف 5 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد 38 رنز پر آئوٹ ہوگئے، ممن الحق بنگلہ دیش آٹ ہونے والے چوتھے اور آخری کھلاڑی تھے جو 34 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ان کے بعد آنے والے مشفق الرحیم 22 اور آل رانڈر شکیب الحسن 21 رنز بنا کر ناٹ آٹ رہے، اس طرح مہمان ٹیم نے دوسرے میچ میں پاکستان ٹیم کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 2صفر سے اپنے نام کرلی۔
پاکستان کی جانب سے میر حمزہ، خرم شہزاد ابرار احمد اور سلمان آغا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
یاد رہے کہ پاکستان کو ہوم گراونڈ پر ٹیسٹ میچ جیتے 1296 دن گزر گئے ہیں جب کہ پاکستان کو ہوم گراونڈ پر دوسری مرتبہ کلین سوئپ شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، اس سے قبل انگلینڈ نے پاکستان کو 2022 میں کلین سوئپ کیا تھا۔
25 اگست کو راولپنڈی میں کھیلے گئے 2 میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر بنگلہ دیش کی ٹیم نے تاریخ رقم کردی تھی جب کہ قومی ٹیم کی بنگال ٹائیگرز کے خلاف طویل دورانیے کی کرکٹ میں یہ پہلی شکست بھی تھی۔