ملتان ٹیسٹ میں انگلینڈ کو 152 رنز کے بڑے مارجن سے شکست ،پاکستانی سپنرز نے انگلش بلے بازوں کو اپنے جال میں جکڑ لیا
2 اسپنرز اور 20 وکٹیں، نعمان اور ساجد خان نے 52 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کا ریکارڈ بنا دیا،ٹیسٹ کی تاریخ میں 7 واں موقع تھاجبکہ دو بولرز نے تمام کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا
نعمان علی نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں 11 اور ساجد خان نے 9 وکٹیں حاصل کیں،پہلی اننگز کے ہیرو ساجد خان اور دوسری کے نعمان علی تھے
چھ ٹیسٹ میچوں کے بعد سعود شکیل کی بحثیت کپتان پہلی فتح،سیریز ایک ایک سے برابر ، فیصلہ کن ٹیسٹ راولپنڈی میں ہوگا
ملتان: پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے انکلینڈ کو 152 رنز کے بڑے مارجن سے ہرا کر سیریز ایک ایک سے برابر کردی ہے۔ پاکستان کے سپنرز نے انکلش بیٹرز کو اپنے سپن کے جال میں جکھڑ لیا۔انگلینڈ کی تمام 20 وکٹیں پاکستان کے ان ہی 2 اسپنرز نے حاصل کیں اور یہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں ساتواں موقع ہے جب 20 کھلاڑیوں کو 2 بولرز نے آئوٹ کیا۔نعمان علی نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں 11 اور ساجد خان نے 9 وکٹیں حاصل کیں۔انگلینڈ اور آسٹریلیا 2،2 بار جب کہ جنوبی افریقا اور پاکستان ایک ایک بار یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔آخر بار 1972 میں آسٹریلیا کے ڈینس للی اور باب میسی نے انگلینڈ کے 20 کھلاڑی آئوٹ کیے تھے۔
پاکستان نے 1956 کے کراچی ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو 9 وکٹ سے ہرایا تھا، اس میچ میں فضل محمود اور خان محمد نے مشترکہ طور پر 20 کھلاڑی آٹ کیے جب کہ فضل محمود نے میچ میں 13 اور خان محمد نے 7 وکٹیں حاصل کی تھیں۔واضح رہے کہ انگلینڈ نے پاکستان کو رواں سیریز کا پہلا ٹیسٹ اننگز اور 47 رنز سے ہرایا تھا جب کہ آج پاکستان کو انگلینڈ سے 152 رنز سے کامیابی ملی ہے۔
پاکستان نے پہلی اننگز میں 366 رنز اسکور کیے تھے جس کے جواب میں انگلینڈ کی ٹیم 75 رنز کے خسارے کے ساتھ 291 رنز پر آٹ ہو گئی تھی۔ دوسری اننگز میں پاکستانی ٹیم 221 رنز پر آٹ ہو گئی تھی اور انگلینڈ کو جیت کے لیے 297 رنز کا ہدف دیا۔
انگلینڈ کی اس شکست کے بعد سیریز ایک ایک سے برابر ہوگئی ہے اور اب اگلا اور فیصلہ کن ٹیسٹ راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔