اسلام آباد:چین اور پاکستان کے درمیان معیشت کے ساتھ ساتھ سماجی شعبہ میں بھی تعلقات روز افزوں ہیں،سی پیک کی بدولت مقامی افراد کو روزگار ملنے کے علاوہ سڑکوں اور دیگر سہولیات کی تعمیر سے ہونے والے معاشی سرگرمیوں کے نتیجہ میں فی کس آمدنی میں بھی اضافہ ہوگا اور لوگوں کی قوت خرید بھی بڑھے گی۔سرمایہ کاری بورڈ کے حکام نے بتایا کہ گوادر کی ترقی، خصوصی اقتصادی زونز، ریلوے کے ایم ایل ون لائن کی اپ گریڈیشن منصوبے کو ترجیح بنیادوں پر شروع کرنے اور سماجی ترقی کے گروپ کو سی پیک میں شامل کیا گیا ہے ۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری کا کوئی بھی منصوبہ تاخیر کا شکار نہیں۔ منصوبے کو نئی بلندیوں پر لے جانے کی بنیاد رکھ دی ہے۔ پاکستان اور چین نے موسمیاتی تبدیلی، آبی انتظام، جنگلات اور آلودگی سے پاک ماحول کی بحالی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر بھی خصوصی توجہ دی ہے۔



