وزیراعظم عمران خان نے چینی ہم منصب لی کی چیانگ کو سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل کی یقین دہانی کرادی۔
بیجنگ میں عمران خان نے اپنے چینی ہم منصب لی کی چیانگ سے ملاقات کی، جس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔

دونوں سربراہان حکومت کی ملاقات پر جاری اعلامیے کے مطابق دو طرفہ اقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان نےچینی ہم منصب سے ملاقات میں کہا کہ سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
اعلامیے کے مطابق انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور علاقائی ترقی کے لیے سی پیک منصوبوں کا اہم کردار ہے۔
چینی وزیراعظم نے گوادر میں سی پیک منصوبوں کے لیے فاسٹ ٹریک اقدامات کو سراہا اور عمران خان کو پاکستان کے قومی مفاد کے معاملات پر حمایت کی یقین دہانی بھی کرائی۔

اعلامیے کے مطابق چینی وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلہ کے منصوبوں سے پاکستان میں اقتصادی ترقی، سرمایہ کاری کے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔
بیجنگ میں چائنا کونسل سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ کرپشن ترقی میں بڑی رکاوٹ ہے، چین نے کرپشن کے خلاف کامیابی حاصل کی، چار سو وزراء کو جیل بھیجا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری نہ آنے کی بڑی وجہ کرپشن ہے، ملک میں کرپشن پر قابو پانے میں وقت لگے گا، چین کے تجربے سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
پاک چین وفود کی سطح پر ہونے والے مذاکرات میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے سے متعلق امور پر گفتگو کی گئی۔
پاکستان اور چین کے درمیان سماجی و اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے مختلف معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر بھی دستخط ہوئے۔
قبل ازیں عمران خان کا بیجنگ کے گریٹ ہال آمد پر شاندار استقبال کیا گیا،انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، دونوں وزرائے اعظم نے پریڈ کا معائنہ بھی کیا۔


