جہاد کے خلاف فتوے دینے اورمظلوم کشمیریوں کی مدد کی بجائے بزدلی دکھانے والے وزیراعظم، ٹیپوسلطان کیسے ہوسکتے ہیں، امیرالعظیم

Image result for amirulazeem GS JI pakistan

راولپنڈی: سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیرالعظیم نے کہاہے کہ جہاد کے خلاف فتوے دینے اورمظلوم کشمیریوں کی مدد کی بجائے بزدلی دکھانے والے وزیراعظم، ٹیپوسلطان کیسے ہوسکتے ہیں جماعت اسلامی نے آزادی کشمیرکے لئے ہرموقع پر بڑی سے بڑی قربانی دی آج بھی ہم مظلوم کشمیری عوام کے پشتیبان ہیں۔

16اکتوبرکو اسلام آباد میں کشمیری خواتین کا آزادی کشمیرمارچ ہوگا۔ ان خیالات کااظہارانھوں نے جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی کے اجتماع ارکان وامیدواران سے خطاب اور ذمہ داران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،

اجتماع سے امیرصوبہ شمالی پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم،صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹرحمیداللہ ملک،امیرضلع راجہ محمدجواد،ضلعی سیکرٹری سیدامجدحسین شاہ ،صدرسیاسی کونسل شمس الرحمن سواتی،نائب امیرضلع جاویداحمدقریشی ،سید خالدحسین بخاری، محمدوقاص خان نے بھی خطاب کیا ۔

اس موقع پرصوبائی سیکرٹری جنرل اقبال خان ،صوبائی سیکرٹری اطلاعات انعام الحق اعوان سمیت دیگرذمہ داران اورضلع بھرسے ارکان وامیدواران شریک تھے ۔

اجتماع میں تمام ارکان سے تجدیدرکنیت کا حلف لیا گیا۔امیرالعظیم نے کہاکہ پاکستان اورکشمیر کے عوام نے سینٹرسراج الحق کی قیادت میں ہونے والے کشمیرمارچ کی سیریزمیں بھرپورشرکت کرکے ثابت کردیا کہ وہ کشمیرکی سودابازی کوکسی صورت قبول نہیں کریں گے،مسنداقتدارپرباغیرت حکمرانوں کی ضرورت ہے جونہ صرف پاکستان بلکہ کشمیرکے بارے میں جرات سے فیصلے کریں ۔

انھوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کی دونسلیں گزرگئیں اس دوران اس کے سینکڑوں کارکنان نے اسمبلی ممبران ،وزراء ،مئیرزکی صورت عوامی خدمت کی لیکن کسی ایک کے دامن پرکوئی داغ نہیں ،ایوان اقتدارمیں جاتے ہیں اسی سفید بے داغ شفاف دامن کے ساتھ سبکدوش ہوکرگھرچلے جاتے ہیں بدترین سیاسی حریف بھی آج تک جماعت اسلامی کے کارکنان پر انگلی نہیں اٹھا سکا انھوں نے اسلام اورپاکستان کیلئے اپنے کیرئیرقربان کئے لیکن کبھی مفاد کی سیاست نہیں کی۔

امیرالعظیم نے کہاکہ ارکان جماعت اسلامی کے آنرہیں وہی فیصلہ کرکے اپنی قیادت کا انتخاب کرتے ہیںجہاں انھیں اختیارات حاصل ہیں و ہیں ان کی ذمہ داری بھی بہت بڑی ہے انھیں ہرلمحہ جماعت اسلامی کی علمی واخلاقی ساکھ کا محافظ ہونا چاہیے ۔

ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ حکومت کی غلطیاں ریاستوں کی تباہی کا باعث بنتی ہیں ،فحاشی وعریانی ،سودی نظام اورحکمرانوں کی عالمی شیطانوں کی غلامی کے خلاف ہماری جدوجہد جاری رہے گی ۔عہدرکنیت کا تقاضا ہے کہ اسلام کی تعلیمات کو مکمل سمجھ کرعمل کیا جائے ۔