غزستان یوروشین اقتصادی زون اور یورپ کو سی پیک کے ساتھ منسلک کرنے میں ایک اہم کردار ادا کرسکتا ہے : اسپیکرقومی اسمبلی


اسلام آباد(نیوزرپورٹر) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ سی پیک پاکستان کے معاشی مستقبل کی کلید ہے، کرغزستان یوروشین اقتصادی زون اور یورپ کو سی پیک سے منسلک کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے جمہوریہ کرغزستان کے سفیر Mr. Erik Beishembiev سے گفتگو کر تے ہوئے کیا جنہوں نے  اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان کرغزستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بے حد اہمیت دیتا ہے جو مذہب ، تاریخ اور ثقافت کے لازوال رشتوں میں بندھے  ہیں۔  انہوں نے کہا کہ کرغزستان جغرافیائی لحاظ سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور یہ پاکستان ، یوروشین اقتصادی زون اور یورپ کے مابین پل کا کردار ادا کرسکتا ہے۔ اسپیکر نے کرغز سرمایہ کاروں کو پاکستان آنے اور یہاں موجود بے پناہ اقتصادی مواقعوں سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی۔ اسپیکر نے کہا کہ قومی اسمبلی کے تحت دسمبر 2019 میں سی پیک پر سیمینار کا اہتمام کیا جائے گا تاکہ سی پیک کے تحت پیدا ہونے والی بڑے معاشی مواقعوں کو خطے کے دوسرے ممالک کے سامنے پیش کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کی آمد کے بعد پاکستان میں بے پناہ معاشی مواقعے پیدا ہوئے ہیں۔  انہوں نے کہا کہ روڈ انفراسٹرکچر اور توانائی کے منصوبے تقریبا ًمکمل ہوچکے ہیں جو کسی بھی معاشی سرگرمی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کرغز سفارت خانے کے تحت پاکستان میں سرمایہ کاری بورڈ اور وزارت تجارت کے عہدیداران کے ساتھ کرغیز کاروباری برادری کے مابین روابط پر زور دیا۔  انہوں نے پاکستان اور کرغزستان کے مابین تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لئے عوامی رابطوں کو فروغ دینے کی ضرورت پرہے اسپیکر نے علاقائی اور بین الاقوامی فورمز پر مسئلہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل اور دیگر مسائل پر کرغزستان کے تعاون کو سراہا۔ اسپیکر نے کہا کہ قومی اسمبلی میں پاکستان کرغزستان پارلیمانی دوستی گروپ قائم کردیا گیا ہے جس میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو بڑھانے کے لیے تبادلہ خیال کا جائے گا۔ کرغزستان کے سفیر Erik Beishembiev نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بھی بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلق ابدی ہے اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس کو تقویت مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا ملک علاقائی اور بین الاقوامی فورمز سمیت  تمام امور پر ہمیشہ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ کرغز سرمایہ کار پاکستان میں معاشی سرگرمی میں حصہ لینے کے خواہشمند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد اور بشکک کے مابین براہ راست ہوائی رابطوں کا آغاز معاشی سرگرمی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ انہوں نے یوروشین اقتصادی زون اور یورپ میں کھپت کے لئے مینوفیکچرنگ سیکٹر کے مابین مشترکہ منصوبوں کی تجویز بھی دی۔ انہوں نے کہا کہ کرغزستان یوروشین اقتصادی یونین میں شراکت دار ہے اور اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرے گا۔  سفیر نے پارلیمانی سطح پر بات چیت کے لئے بھی تجویز دی۔