
اسلام آباد:مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے ممکنہ جلسوں کا اثر زائل کرنے کے لئے پی ٹی آئی کے بڑوں نے سر جوڑ لئے ہیں،اس سلسلے میں وزیراعظم عمران خان بھی کافی فکر مند نظر آتے ہیںانہوں نے جمعہ کو اس حوالے سے ایک اہم اجلاس طلب کر لیا ہے۔
ترجمان وزیراعظم ہائوس کے مطابق اجلاس میں پارٹی قیادت اور ترجمانوں کو مشاورت کیلئے طلب کیا گیا ہے۔ اجلاس 2 اکتوبر جمعہ کے روز ہوگا۔
اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے جلسوں کے اعلان پر لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔ وزیر اعظم عمران خان اجلاس میں حکومتی موقف پر بریفنگ دیں گے، جب کہ اپوزیشن کی تنقید کے بعد اداروں کے دفاع کیلئے اہم ٹاسک بھی دیا جائے گا۔
نوازشریف کی اداروں پر بڑھتی تنقید اور اپوزیشن کی تحریک کے معاملے پر وزیراعظم نے قیادت سے مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔اپوزیشن کی تنقید کا بھرپور جواب دینے کیلئے ترجمانوں کو میدان میں اتارا جائے گا۔
ترجمانوں کا یہ اجلاس 2 اکتوبر جمعہ کی شام 4 بجے وزیراعظم آفس میں ہوگا، جس میں سیاسی حکمت عملی طے کی جائے گی اور ملکی سیاسی معاملات کا جائزہ لیا جائے گا۔




