پاکستان میں امیر کو بہترین مواقع غریب روکھی سوکھی پر مجبور ہے،نظام انصاف کا جھکائو امیر اورطاقتور کی طرف نظر آتا ہے، اقوام متحدہ


ریاست کے ملکیتی ادارے 345ارب اور ایکسپورٹرز 248ارب روپے کی مراعات لے رہے ہیںجبکہ مستحق اس سے محروم ہیں
مسابقتی کمیشن منصفانہ قیمتیں یقینی بنانے میں غیر فعال ، ریگولیٹری شعبہ اجارہ داری اور کارٹلز ختم کرنے میں بری طرح ناکام ہے، جن صنعتوں میں کارٹلرز دھوکہ دہی کے طریقے اپنائے ان میں سیمنٹ،چینی، موٹر گاڑیاں، آٹو پارٹس، ادویہ سازی سر فہرست ہیں،پاکستان میں عدم مساوات کی وجوہات پر بنائی گئی اقوام متحدہ کی رپورٹ میں انکشاف

اسلام آباد(کامرس رپورٹر)اقوام متحدہ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نیپرا اور اوگرا کے ناقص اقدامات کی وجہ سے اصل صارفین پر اخراجات کا بوجھ بڑھ جاتا ہے۔ پاکستان میں نظام انصاف کا جھکائو امیر اورطاقتور کی طرف نظر آتا ہے۔پاکستان میں عدم مساوات کی وجوہات پر بنائی گئی اقوام متحدہ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سٹیٹ بینک مالیاتی شعبے میں کریڈٹ سہولیات سے متعلق بڑھتی اجارہ داری پر قابو پانے میں بے بس دکھائی دیتا ہے۔ ایس ای سی پی سٹاک مارکیٹ پر لوگوں کا اعتماد بڑھانے میں ناکام دکھائی دیتا ہے۔رپورٹ کے مطابق مسابقتی کمیشن منصفانہ قیمتیں یقینی بنانے میں غیر فعال دکھائی دیتا ہے۔ ریگولیٹری شعبہ ملک میں اجارہ داری اور کارٹلز ختم کرنے میں بری طرح ناکام ہے۔ جن صنعتوں میں کارٹلرز نے دھوکہ دہی کے طریقے اپنائے ان میں سیمنٹ،چینی، موٹر گاڑیاں، آٹو پارٹس، ادویہ سازی سر فہرست ہیں۔اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق اگرملک کی اصل دولت لوگ ہوتے ہیں تو پاکستان اس دولت سے مالامال غریب ملک ہے، پاکستان میں امیر کو بہترین مواقع جبکہ غریب روکھی سوکھی پر گزر بسر کرنے پر مجبور ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ
پاکستان میں نظام انصاف کا جھکا امیر اورطاقتور کی طرف نظر آتا ہے۔ رسمی نظام انصاف کم آمدنی والے طبقے کی پہنچ سے باہر ہے۔ طاقتور طبقہ اور کمزور طرز حکمرانی پاکستان میں عدم مساوات کو بڑھانے کا سبب بن رہے ہیں۔رپورٹ کے مطابق پاکستان میں مخصوص مفادات کے حامل طبقات کی مراعات کی مالیت 18-2017میں 2660ارب روپے بنتی ہے۔ صنعتی اور بینکاری شعبہ سب سے زیادہ مراعات حاصل کررہا ہے۔ جاگیردارنہ طبقہ 370ارب روپے، بڑے تاجر 348ارب روپے کی مرعات کے مزے لوٹ رہے ہیں۔رپورٹ کے مطابق ریاست کے ملکیتی ادارے 345ارب اور ایکسپورٹرز 248ارب روپے کی مراعات لے رہے ہیں، مخصوص مفادات کے لوگ جوڑ توڑ کے ذریعے لاتعداد قسم کی ٹیکس چھوٹ حاصل کرلیتے ہیں۔ ٹیکسوں نے آمدنی کی تقسیم کا جھکائو امرا ء کی طرف کم کرنے میں محدود کردار اداکیا گیا ہے۔