تعلیمی اداروں میں ایسے واقعات کی روک تھام کی جائے،نجی تعلیمی اداروں کے سربراہان، اشتیاق بخاری ایڈووکیٹ،ملک سفیر عالم،ظہیر انجم،خالد حیات کموکا و دیگر کا مطالبہ

اسلام آباد:آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈکالجزایسوسی ایشن نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں زیرتعلیم طالبات کے مبینہ وڈیوسکینڈل واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے انسانیت سوز سانحہ قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیاہے کہ ایسے قبیح فعل کے مرتکب عناصر کو قرارواقعی سزا دی جائے جبکہ اعلی تعلیمی اداروں میں ریٹائرڈ پرسنز کی تعیناتی کے عمل پر نظرثانی کی جائے۔
مختلف تعلیمی تنظیموں کے سربراہان بشمول اشتیاق بخاری ایڈووکیٹ،ملک سفیر عالم،ظہیر انجم،خالد حیات کموکا اور آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے قانونی مشیر محمد اخلاق اعوان ایڈووکیٹ سپریم کورٹ سمیت دیگر نے ایک مشترکہ اعلامیہ میں پاکستانی تعلیمی اداروں میں اخلاق سوز سرگرمیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈکالجزایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ملک ابرارحسین کا کہنا تھاکہ یہ انسانیت سوز واقعہ ہے اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔حکومت وقت ایسے واقعات کی روک تھام اور ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دلوانے میں اپنا آئینی و قانونی کردار ادا کر ے۔پاکستان کے اعلی تعلیمی اداروں میں ایسے ہوشربا واقعات کی وجہ سے ہر محب وطن شہری کا سر شرم سے جھک گیاہے،وزیراعظم پاکستان،ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان،محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب،گورنر پنجاب سمیت تمام متعلقہ شخصیات اور اداروں کو چاہیے کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے واقعہ کی شفاف انکوائری کراتے ہوئے ملوث ملزمان کو سخت سزا دلائیں اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں۔



