
کاتالونیا کی پارلیمنٹ کی جانب سےاسپین سے آزادی کے اعلان کے بعد اسپین کے وزیراعظم نے کاتالونیا کی پارلیمنٹ کوتحلیل کرکے 21 دسمبر کو انتخابات کا اعلان کردیا ہے، دوسری جانب کاتالونیا کی جانب سے آزادی کے اعلان کے بعد لوگ جشن مناتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے۔
کاتالونیا کی پارلیمان نےاسپین سے آزادی کااعلان کیاتھاجس کے بعد ہسپانوی سینیٹ نےآرٹیکل 155کی منظوری دی تھی جس کے تحت اسپین کو کاتالونیا کےرہنماؤں کو برخاست کرنے اور پولیس اور معیشت سمیت دیگر شعبوں پر مکمل کنٹرول کااختیار ہے۔
کاتالونیا کی پارلیمان کی جانب سے آزادی کے اعلان کے بعد اسپین کے معروف شہر بارسلونا کی سڑکوں پر ہزاروں افراد جشن مناتے ہوئے باہر نکل آئے۔ انہوں نے کاتالونیا حکومت کے محل کے سامنے زبردست ریلی نکالی۔ اس موقع پر ہسپانوی عوام اپنا پرچم لہرا رہے تھے اور قومی ترانہ پڑھ رہے تھے۔
پارلیمان کے 70 اراکین نے اسپین سے آزادی کے حق میں ووٹ دیے جب کہ 10 نے مخالفت کی ۔
دوسری جانب فرانس اور جرمنی سمیت متعدد یورپی ملکوں اور امریکا نےبھی کاتالونیا کا اعلان آزادی مسترد کردیا ہے،ان کا کہنا ہے کہ وہ اسپین کے وزیراعظم کے ساتھ ہیں اور اسپین کی یکجہتی کے لیے کی جانے والی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔




