سمندر پار پاکستانیوں کے حقوق کا تحفظ حکومتی ذمہ داری ہے,مجلس قائمہ قومی اسمبلی

 

اسلام آباد …. سمندر پار پاکستانیوں کے حقوق کا تحفظ حکومتی ذمہ داری ہے۔ لہذا اس سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ آج قومی اسمبلی کی مجلس قائمہ برائے سمندر پار پاکستانی کے اجلاس  میں یہ ریمارکس مجلس قائمہ کے صدر نشین میر عامر علی خان مگسی کی طرف سے دیئے گئے۔ مجلس قائمہ نے قرار دیا کہ سمندر پار پاکستانی ،  ہماری معیشیت کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ۔ سمندر پار پاکستانی محنت مزدوری کرکے وطن عزیز  کے لئے قیمتی زرِمبادلہ کماتے ہیں۔ لہذا یہ کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی کہ سمندر پار پاکستانیوں کو بیو رو کریسی  تنگ کرے یا قبضہ مافیا  سمندر پار پاکستانیوں کی جائیدادوں پر قبضہ  کرلے۔ مجلس قائمہ نے حکومت کو ہدایت کی کہ وہ سمندر پار پاکستانیوں کے حقوق اور جائیدادوں کے کماحقہ ، تحفظ کے لئے خصوصی اقدامات کرے۔  اور اُن کی شکایات کو جلد از جلد نمٹانے کے لئے موثر سسٹم بنایا جائے۔ کمیٹی نے ہدایت کی کہ سمندر پار پاکستانیوں کے لئے پنجاب حکومت نے جو کمیشن بنایا ہے ویسا ہی کمیشن اسلام آباد میں بنایا جائے اور باقی صوبوں کو بھی اس کی تحریص دلائی جائے۔
مجلس قائمہ نے اوپی ایفاور گلبرگ ہاؤسنگ سکیم کے درمیان ہونے والے معاہدہ پر غور کیا اور ہدایت کی کہ معاہدے پر اُس کی روح کے مطابق عملدرآمد کیا جائے۔ اور اگر ایسا نہیں کیا گیا تو مجلس قائمہ متعلقہ لوگوں کے خلاف تادیبی کارروائی کا آغاز کرے گی۔

کمیٹی کے اجلاس کی صدارت جناب میر علی خان مگسی صاحب نے کی۔ جبکہ اجلاس میں محترم چوہدری عابد رضا، ممبر، محترم چوہدری محمد منیر اظہر،ممبر، محترم ملک محمد عزیر خان، ممبر، محترمہ صبیحہ نذیر، ممبر، محترمہ شکیلہ خالد لقمان ، ممبر، محترمہ مسرت رفیق، ممبر ، محترمہ شگفتہ جمانی، ممبر، محترم خیال زمان اورکزئی ، ممبر، شیخ صلا ح الدین ، ممبر اور محترمہ عائشہ ،ممبر کے علاوہ سیکرٹری سمندر پار پاکستانی و انسانی ترقی جناب ڈاکٹر ہاشم ایم پوپلزئی اور دیگر اعلیٰ سول افسران نے شرکت کی۔