رنگ لگا کر شہداء میں شامل ہونے کی برطانوی کوشش ناکام

ٹرمپ کے طعنے ،ہم یہ بات یاد رکھیں گے ، ایسے لوگوں کی ضرورت نہیں جو جنگ جیتنے کے بعد شامل ہوں
برطانیہ کی جانب سے مشرق وسطی میں 2 طیارہ بردار جہاز بھیجنے کی خبر پر ٹرمپ نے کہا اب ضرورت نہیں

واشنگٹن:امریکی صدر ٹرمپ نے ایران جنگ میں مرضی کے مطابق ساتھ نہ دینے پر برطانوی وزیراعظم کو کھری کھری سنادیں۔میڈیا سے گفتگو میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ اب ہمیں برطانیہ کی ضرورت نہیں اس سوال کے جواب میں کہ برطانیہ اب مشرق وسطی میں 2 طیارہ بردار جہاز بھیجنے پرغورکررہا ہے صدر ٹرمپ بولے مگر اب ہمیں برطانیہ کی ضرورت نہیں لیکن ہم یہ بات یاد رکھیں گے، ہمیں ایسے لوگوں کی ضرورت نہیں جو جنگ جیتنے کے بعد شامل ہوں۔
ٹرمپ نے کہا ہم ایران میں ایسا صدر چاہتے ہیں جو ملک کو جنگ کی طرف نہ لے جائے۔انہوں نے کہا کہ جنگ کے بعد ایران کا نقشہ شاید ویسا نہیں نظرآئیگا جیسا ابھی ہے، یہ بھی کہا کہ امریکا ایران کے ساتھ کسی سمجھوتے یا سیٹلمنٹ کی تلاش میں نہیں، دعوی کیا کہ وہ نہیں چاہتے کہ کرد فورسز ایران میں داخل ہوں۔امریکی صدر نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ روس کی جانب سے ایران کی مدد کے کوئی شواہد نہیں ملے۔
صدر ٹرمپ نے ایران میں ایلیمنٹری اسکول پر حملوں سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے دعوی کیا کہ اسکول پر حملہ ایران نے کیا تھا۔
ادھر کویت میں ڈرون حملے میں ہلاک 6 امریکی فوجیوں کی میتیں ڈیلاویئر پہنچا دی گئیں ۔ تقریب میں امریکی صدر اور خاتون اول نے بھی شرکت کی۔