تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ وزیراعظم شہبازشریف سے بھی ملاقات کریں گے، اسحاق ڈار کی تصدیق
ہفتہ کے روز وزیراعظم شہباز شریف نے اس حوالے سے ایرانی صدر سے ایک گھنٹہ سے زائد ٹیلیفونک گفتگو کی
اسلام آباد(نیوزرپورٹر) امریکہ اور اسرائیل کے ایران پر حملے اور خطے میں بڑھتی کشیدگی کے خاتمے کے حوالے سے آج اتوار کو پاکستان، ترکیے،سعودیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ آج اسلام آباد میں سر جوڑیں گے۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستان میں سعودی عرب، ترکیے اور مصر کے وزرائے خارجہ کی میزبانی کی تصدیق کر دی ہے۔
ایک نججی چینل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا سعودی عرب، ترکیے اور مصر کے وزرائے خارجہ آج اتوار کو اسلام آباد میں ملیں گے، تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ اگلے روز وزیراعظم شہبازشریف سے بھی ملاقات کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ ہماری ملاقات ترکیے میں طے تھی، مصروفیات کی وجہ سے میں نے بھائیوں کو اسلام آباد ملنے کی دعوت دی، ایمانداری اور نیک نیتی سے تنازع ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور تمام دوست ممالک بھی بھرپور تعاون کررہے ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل یہ خبر سامنے آئی تھی کہ امریکا نے جنگ بندی کے لیے پاکستان کے ذریعے ایران کو 15 نکاتی فارمولہ پیش کیا جس کی ایران نے تصدیق کی اور پھر ایران نے پاکستان ہی کے ذریعے اپنا جواب امریکا تک پہنچایا۔
واضح رہے کہ اس سلسلے میں ہفتے کو وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے صدر مسعود پزشکیان سے ایک گھنٹہ سے زائد ٹیلیفونک گفتگو بھی کی ہے۔ دوران گفتگوانہوں نے امید ظآہر کی کہ مذاکرات سے کوئی نہ کوئی راستہ نکلے گا.


