یہ حکم وزیرداخلہ محسن نقوی نے ایف آئی اے ہیڈ کوارٹر کے دورہ کے دوران ایف آئی اے حکام کو دیا
ایف آئی اے میں اصلاحات کا عمل اسی سال دسمبر تک مکمل کیا جائے گا۔محسن نقوی
اسلام آباد(نیوزرپورٹر)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف آئی اے حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ سرکاری اداروں میں کرپشن کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کریں. یہ حکم انہوںنے گزشتہ روز ایف آئی اے ہیڈ کوارٹر کے دورے کے دوران کیا.
وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف آئی اے ہیڈ کوارٹر میں انفراسٹرکچر کی بہتری کے لئے جاری پراجیکٹ کا معائنہ کیا اور پیش رفت کا جائزہ لیا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے جاری تعمیراتی سرگرمیوں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے سرکاری اداروں میں کرپشن کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا حکم دیا، وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ وزیر اعظم کے وژن کے مطابق سرکاری اداروں میں کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے میں اصلاحات کا عمل اسی سال دسمبر تک مکمل کیا جائے گا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ بیرون ممالک ملازمت کے تمام اشتہارات کی آن لائن نگرانی کی جائے اور گمراہ کن اشتہارات کے متعلق عوامی آگاہی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے کو ہر قسم کے منظم جرائم کے خلاف ہراول دستے کے طور پر منظم کیا جائے گا۔وزیر داخلہ نے ایف آئی اے کو ہر سطح پر مکمل سپورٹ کی یقین دہانی کرائی۔
ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور نے وزیر داخلہ کو ادارے کے متعلق تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ انسانی سمگلنگ میں ملوث افراد اور ان کے سہولت کاروں کا جامع ڈیٹا مرتب کیا گیا ہے۔ادارے میں احتساب کو یقینی بنانے کیلئے شفاف اور مؤثر نظام وضع کیا گیا ہے۔اس سلسلے میں دیگر ایجنسیز کے ساتھ ورکنگ گروپ اورکوآرڈینیشن کمیٹیز بنائی جا رہی ہیں، امیگریشن ۔اینٹی ہیومن سمگلنگ اور منی لانڈرنگ کے خلاف مؤثر کارروائی کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو عمل میں لایا جا رہا ہے.



