کرکٹ کی عالمی تنظیم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہونے والے میچ کے دوران افغان تماشائیوں کی ہنگامہ آرائی کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
آئی سی سی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم تمام معاملات سے آگاہ ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم اسٹیڈیم میں سیکیورٹی اہلکاروں اور یورکشائر پولیس سے رابطے میں ہیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ایسا واقعہ دوبارہ نہ ہو۔
آئی سی سی ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم اس طرح کے رویے کو برداشت نہیں کرتے اور چند لوگوں کی جانب سے کیے گئے ہنگامے کے خلاف ایکشن لیا جائے گا جس سے کثیر تعداد میں موجود مداحوں کی تفریح متاثر ہوئی ہے۔
خیال رہے کہ ہیڈنگلے لیڈز میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہونے والے ورلڈکپ میچ کے دوران دونوں ممالک کے شائقین آپس میں لڑ پڑے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شیئر ہونے والی ویڈیوز میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ اپنی ٹیم کی وکٹیں گرتی دیکھ کر افغان تماشائی طیش میں آ گئے اور انہوں نے جشن مناتے پاکستانیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔




