انگلینڈ کرکٹ کا عالمی چمپئین بن گیا

 

کرکٹ ورلڈ کپ 2019 ء اعصاب کے کھیل نے مداحوں کا خوب امتحان لیا
نیوزی لینڈ نے بہتر کھیل پیش کیا،ماضی کا ریکارڈ بھی اچھا تھا لیکن قسمت انگلینڈ پر مہربان تھی
ہمارے لئے یہ بات تسلی بخش ہے کہ پاکستان نے فائنل کھیلنے والی دونوں ٹیمیوں کو راؤنڈ میچز میں شکست دی ئنل میں امپائروں پر بھی دباؤ ہوتا ہے تنازعے سے بچنے کے لئے فائنل میں ریویو کا آپشن زیادہ ہونا چاہیے۔

انگلینڈ کرکٹ کا نیا ورلڈ چیمپئن

کرکٹ ایک اعصاب کا کھیل ہے اور ورلڈ کپ 2019 ء کے فائنل میں تو اس نے کرکٹ کے کھیل سے محبت رکھنے والوں تمام مداحوں کے اعصاب کا خوب امتحان لیا۔ہر گیند کے ساتھ میچ کی صورت حال تبدیل ہوتی رہی۔اگر دیکھا جائے تو نیوزی لینڈ نے بہتر کھیل پیش کیا ان کا ورلڈ کپ کے حوالے سے ماضی کاریکارڈ بھی انگلینڈ سے اچھا ہے لیکن قسمت آج شروع سے ہی انگلینڈ پر مہربان تھی اور آخر ایک طویل اور صبر آزما انتظار کے بعد کرکٹ کا موجد انگلینڈ ورکٹ کپ اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوگیا۔اس سے قبل کئی بار فائنل میں پہنچنے اور اچھا کھیل پیش کرنے کے باوجود انگلینڈ کے ساتھ یہی ہوتا رہا کہ دو چار ہاتھ جب لب بام رہ گیا تو پھر کمر ٹوٹ گئی۔کمر تو اس بار بھی ٹوٹتے ٹوٹتے بچی لیکن آج کے دن قسمت شروع سے ہی انگلینڈ پر مہربان تھی۔ نیوزی لینڈ اچھا کھیل پیش کرنے کے باوجود ہار گیا۔ جس طرح یہ پورا میچ ہر گیند کے ساتھ بدلتا رہا وہیں اس کا نتیجہ بھی کچھ بدلا بدلا سا تھا۔ میچ ٹائی ہونے کے باوجود نیوزی لینڈ کو انگلینڈ پر یہ برتری رہی کہ اس کے 50 اورز میں 241 رنز پر آٹھ کھلاڑی آؤٹ ہوئے جبکہ انگلینڈ نے 50 اور میں تمام دس وکٹ گنوا کر 241 رنز بنائے لیکن نئے قوانین کے مطابق میچ ٹائی ہوگیا اور دونوں ٹیموں کو سپر اوور کھیلنا پڑا۔سپر اوور میں بھی دونوں ٹیموں نے پندرہ پندرہ رنز بنائے لیکن نتیجہ انگلینڈ کے حق میں رہا کہ اس نے میچ کے دوران نیوزی لینڈ سے زیادہ باؤنڈریاں لگائیں انگلینڈ سپر اوور میں بھی دو چوکے لگانے میں کامیاب ہوگیا اور نیوزی لینڈ ایک چھکا لگانے کے باوجود میچ ہار گیا۔نیوزی لینڈ کو انگلینڈ کے خلاف ون ڈے میں ہر حوالے سے برتری حاصل ہے دونوں کے درمیان کھیلے گئے 90 ون ڈے میچوں میں نیوزی لینڈ 43 جبکہ انگلینڈ41 میچوں میں کامیابی حاصل کر سکا ہے۔ ورلڈ کپ میں بھی نیوز ی لینڈ کا پلڑا بھاری ہے اس نے نو میں سے چار میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔ وولڈ کپ میں نیوزی لینڈ نے 88 میں سے 54 میچ جیت رکھے ہیں لارڈ ز کے کرکٹ گراؤنڈ میں بھی اس سے قبل انگلینڈ کے خلاف ہونے والے دنوں میچ نیوزی لینڈ نے جیت رکھے ہیں۔ لیکن آج قسمت انگلینڈ پر مہربان تھی۔ تاہم پاکستانی شائقین کے لئے یہ بات تسلی بخش ہے کہ ورلڈ کپ کا فائنل کھیلنے والی دنوں ٹیموں کو پاکستان نے اس ورلڈ کپ کے دوران راوئنڈ میچز میں واضح مارجن سے ہرایا ہے۔ ورلڈ کپ کے فائنل میں امپائروں پر بھی دباؤ ہوتا ہے تنازعے سے بچنے کے لئے فائنل میں ریویو کا آپشن زیادہ ہونا چاہیے۔

بشکریہ نوائے وقت