وقت آگیا ہے کہ پاکستان بھارت کیخلاف بھرپور جنگ کی تیاری کر لے,سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ اسلم بیگ

وقت آگیا ہے کہ پاکستان بھارت کیخلاف بھرپور جنگ کی تیاری کر لے

سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ اسلم بیگ  کا کہنا ہے کہ وقت آگیا ہے کہ پاکستان بھارت کیخلاف بھرپور جنگ کی تیاری کر لے، پاکستان کو اپنی آزادی کے دفاع اور بھارت کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے، کشمیر کی آزادی اور آبی جارحیت سے بچنے کیلئے جارحانہ قدم اٹھانا ہی ہوگا۔  مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے آرٹیکل 370 کے خاتمے اور فوج کی تعداد میں اضافہ کرنے سمیت کئی روز سے کرفیو لگائے رکھنے کے معاملے پر پاکستان کے سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ اسلم بیگ نے ردعمل دیا ہے۔دفاعی تجزیہ کار زید حامد کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ انہیں سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ اسلم بیگ کا پیغام موصول ہوا ہے، جس میں ان کا کہنا ہے کہ وقت آگیا ہے کہ اب پاکستان کو جنگ کی تیاریاں کر لینی چاہیں۔

سابق آرمی چیف کہتے ہیں کہ پاکستان کو اپنی آزادی کے دفاع، کشمیر کی آزادی، بھارت کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے  آبی ذخائر کے بچاو کیلئے جنگی تیاریاں کرنا ہوں گی۔

پاکستان کو ایک بھرپور اور مکمل جنگ کی تیاریاں کرنی ہوں گی، یہ سب کچھ اب ناگزیر ہو چکا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ 2 ہفتوں سے مقبوضہ کشمیر کے حالات انتہائی کشیدہ ہیں۔ آرٹیکل 370 کے خاتمے کے بعد سے بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں موبائل فون، ٹیلی فون، ٹی وی اور انٹرنیٹ کی سروس بند کرکے اسے پوری دنیا سے الگ کر رکھا ہے۔ جبکہ پوری وادی میں ایک ہفتے سے کرفیو لگایا ہوا ہے۔ اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ بھارت پاکستان کے ساتھ سرحد پر فوجکی تعداد میں مزید اضافہ کر رہا ہے، جبکہ بھاری ہتھیار بھی سرحد پر پہنچائے جا رہے ہیں۔ اسی تمام صورتحال کے باعث وزیراعظم عمران خان نے بھی فوج کو ہر وقت الرٹ رہنے کا حکم دیا ہوا ہے۔