
اسلام آباد:چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبہ کے تحت بلوچستان میں کلیدی منصوبہ جات گوادر ایسٹ بے ایکسپریس وے،گوادر انٹرنیشنل ایئر پورٹ،گوادر فری زون، پینے کے صاف پانی کا منصوبہ، پاک چین دوستی ہسپتال، ووکیشنل انسٹیٹیوٹ، گوادر سمارٹ سٹی وغیرہ کو خاص اہمیت حاصل ہے جن پر تیزی سے کام جاری ہے۔ سی پیک اتھارٹی کے حکام کے مطابق سی پیک کے تحت بلوچستان میں اقتصادی زونز قائم کئے جارہے ہیں جن سے اقتصادی شعبے میں بہتری سے مقامی صنعتوں کو فروغ ملے گا اورمقامی لوگوں کے لئے روزگار کے نئے مواقع پیداہوں گے۔انہوں نے بتایا کہ چین پاکستان کے دور دراز علاقوں میں خاص طور پر بلوچستان میں سماجی خدمات کو اپ گریڈ کرنے پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ سی پیک منصوبے سے بلوچستان کا نقشہ بدل جائے گا بلکہ ترقی و خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔ منصوبہ کے تحت گوادر میں مزید کئی منصوبہ پر بھی کام جار ی ہے۔ منصوبے سے بلوچستان کے عوام کا معیار زندگی بلند ہونے کے ساتھ ساتھ معیشت میں بہتری آئے گی، اقتصادی زونز کے قیام سے مقامی صنعت ترقی کرے گی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔



