جماعت اسلامی27ستمبر کو یونیورسٹی گراؤنڈ مظفرآباد میں مقبوضہ کشمیر کے عوام سے بھرپور یکجہتی کرے گی‘ خالد محمود خان

 

اسلام آباد:جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی27ستمبر کو یونیورسٹی گراؤنڈ مظفرآباد میں پوری قوم کو جمع کر کے مقبوضہ کشمیر کے عوام سے یکجہتی کرے گی،وزیر اعظم پاکستان عمران خان جنرل اسمبلی کے اجلاس میں عالمی برادری سے مطالبہ کریں کہ بھارت کے خلاف کارروائی کی جائے،اقوام متحدہ کے چیپٹر7کے مطابق ہندوستان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے،ہندوستان جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے نریندرمودی نے عالمی امن کو چیلنج کر دیا ہے عالمی برادری دنیا کے امن کو قائم رکھنے کے لیے مسئلہ کشمیر حل کرائے،آزاد خطے کے عوام مظفرآباد میں کشمیربچاؤ ریلی میں بھرپور انداز سے شریک ہوں۔ وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی آزادکشمیر اور پاکستان اول روز سے تحریک آزادی کشمیر میں پشتیبانی کا کردار ادا کررہی ہیں صبح آزادی تک ہم اپنے بھائیوں کے شانہ بشانہ رہیں گے،جماعت اسلامی پاکستان نے پورے پاکستان میں کشمیر بچاؤ ریلیز کا انعقاد کر کے رائے عامہ بیدار کی ہے اور کشمیریوں سے لازوال یکجہتی کا اظہار کیا ہے جس پر اہل کشمیر ان کے شکر گزار ہیں،سینیٹر سراج الحق نے پہلے دن سے دو ٹوک موقف اختیار کیا کہ حکومت پاکستان اور اس کے ادارے فیصلہ کن کردار ادا کریں۔عالمی برادری کو اس حقیقت کا ادراک ہوناچاہیے کہ اگر مسئلہ کشمیر پر پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ ہوئی تو یہ ایٹمی جنگ ہو گی عالمی برادری کی خاموشی کی وجہ سے ہندوستان کشمیریوں کو ان کا حق فراہم کرنے کے بجائے ان کا قتل عام کررہا ہے۔