
اسلام آباد:
الیکشن کمیشن نے ڈیڑھ سال بعد تحریک انصاف کے خلاف غیر ملکی فنڈنگ کیس سماعت کے لیے مقرر کردیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن میں تحریک انصاف کے خلاف فارن فنڈنگ کیس یکم اکتوبر کو سماعت کے لیے مقرر کردی گئی ہے، اس سلسلے میں الیکشن کمیشن نے فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے فارن فنڈنگ کی تحقیقات کے لیے قائم خصوصی کمیٹی کی کارکردگی کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف فارن فنڈنگ کیس کی آخری سماعت مارچ 2018 میں ہوئی تھی۔
یہاں یہ بات دلچسپی سے خالی نہیں کہ تحریک انصاف کی حکومت اور الیکشن کمیشن کے مابین الیکشن کمیشن کے ممبران کی تقرری کے حوالے سے تنازعہ چل رہا ہے ۔صدر کی جانب سے جن دو ممبران کا تقرر کیا گیا تھا الیکشن کمیشن نے انہیں تسلیم نہیں کیا ہے۔




