
اسلام آباد:چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبہ کے تحت خصوصی اقتصادی زونز، زراعت، ماہی پروری، انفراسٹرکچر اور ڈویلپمنٹ سمیت 6 شعبوں میں 27 منصوبوں کے آغاز کے لئے ایک ارب ڈالر کا خصوصی گرانٹ خرچ کی جائے گی۔ سی پیک اتھارٹی حکام کے مطابق حکومتِ پاکستان اس منصوبہ کو کامیابی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے اپنی تمام کاوشوں کو بروئے کار لا رہی ہے۔ حکومت کو تین شعبوں پر خاص توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ جن میں خصوصی اقتصادی زونزکے علاوہ زراعت کے شعبے میں باہمی تعاون جس کے لئے پاکستان اور چین اکتوبر کے آخر میں مشترکہ نمائش کے انعقاد کا ارادہ رکھتے ہیں اور اس میں سینکڑوں چینی زرعی کمپنیاں شریک ہوں گی۔ چین پاکستان کی زرعی مصنوعات کے فروغ کے ذریعے سے پاکستان کے ساتھ زرعی تجارت کو بڑھانے کا خواہشمند ہے۔ چین پاکستان کی ماہی پاوری کے شعبے میں بھی مدد دینا کا اظہار کر چکا ہے۔




