چین میں کورونا وائرس سے متاثرہ شہر ووہان سے پہلا پاکستانی طالب علم ارسلان امین کراچی پہنچ گیاہے جو لیاری کا رہائشی ہے ۔ ارسلان امین نے خیر وعافیت سے گھر پہنچنے پر اللہ کا شکر ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ28 جنوری کو وہ کراچی واپس پہنچے ہیں۔ووہان میں برا حال ہے شہر سیل ہے اور حکومت کی ہدایت ہے کہ عوام گھروں سے باہر نہ نکلیں اور جو نکل رہے ہیں انہیں کا معائنہ کیا جارہا ہےاور ڈاکٹروں کو رپورٹ کرنے کا حکم دیا جارہا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کا مکمل طبی معائنہ کیا اور سب کچھ کلیئر ہونے پر واپسی کی اجازت ملی۔انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کا خوف پھیلا ہوا ہے اور 559 پاکستانی ووہان صوبے میں پھنسے ہوئے ہیں۔
چین سے آنے والے پاکستانی طالب علم ارسلان کوچینی حکومت نےاسکریننگ کےبعد سفرکی اجازت دی۔محکمہ صحت سندھ کے مطابق ارسلان میں کورونا وائرس کی کوئی بھی علامات نہیں پائی گئیں ہیں تاہم ارسلان کو ابھی انتہائی نگہداشت میں رکھا ہوا ہے۔ ارسلان کےجسم سےلیےگئےنمونےقومی ادارہ صحت اسلام آبادکو بھیجے ہیں۔طالبعلم ارسلان کو ایک نجی اسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں منتقل کردیا گیا ہے جہاں پر وہ 14 دن تک قرنطینہ میں رہیں گے۔


