میونسپل کارپوریشن میں گھوسٹ ملازمین کا انکشاف، مئیر نے ایک ہفتے میں رپورٹ طلب کر لی

اسلام آباد(نوشی رحیم/لیڈی رپورٹر)میٹروپولیٹن کارپوریشن(ایم سی آئی)میں ”گھوسٹ ”ملازمین کا انکشاف ہواہے،میئر اسلام آباد شیخ انصرعزیزنے فوری طور پر ایکشن لیتے ہوئے گھوسٹ ملازمین کاریکاڈ طلب کرلیا۔سکیورٹی ونگ کو 7یوم کے اندر تمام شعبہ جات ،ڈویژن اورونگز میں موجود ملازمین سمیت پے رول پر کام کرنے والے عملے کی تفصیلات فراہم کرنے کیلئے مراسلہ تحریر کردیا۔تفصیلات کے مطابق میٹروپولیٹن کارپوریشن (ایم سی آئی)کے مختلف شعبہ جات،ڈائریکٹوریٹس، ونگز میں ایسے ملازمین و عملے کے موجود ہونے کا انکشاف ہوا ہے جوکارپویشن کے کسی بھی شعبہ میں موجود نہیں ہیںمگر ماہانہ بنیادوں پر کارپوریشن سے تنخواہیں وصول کررہے ہیں ،جبکہ دوسری جانب مذکورہ معاملہ میں ایسے ”گھوسٹ ”ملازمین کے موجود ہونے کا انکشاف بھی ہواہے جو کہ کارپوریشن کے ہی ملازمین ہیںمگر وہ کافی کافی عرصہ سے”لاپتہ”ہیں یا کسی بھی ڈائریکٹوریٹ یاونگ میں ڈیوٹیاں نہیں کررہے نہ ہی گزشتہ کئی سالوں سے ان ملازمین کے بارے مذکورہ ڈائریکٹوریٹس کو علم ہے کہ یہ گھوسٹ ملازمین ”کہاں”ڈیوٹی کررہے ہیں،جبکہ مذکورہ ملازمین تواتر سے ماہانہ بنیادوں پر کارپوریشن سے تنخواہیںبھی وصول کررہے ہیں۔میئر اسلام آباد شیخ انصرعزیز نے ایسے گھوسٹ ملازمین کے خلاف سخت تادیبی اورقانونی کاررروائی کی ہدایات جاری کردی ہیں ۔جبکہ کارپوریشن میں موجود ایسے جعلی ملازمین وعملے کی جانب پڑ تال کیلئے باقاعدہ سکیورٹی ونگ کو ایک مراسلہ بمہ پرفارمہ بھی جاری کردیاہے۔میئر اسلام آباد شیخ انصرعزیز نے کی جانب سے جاری مراسلہ میں میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد(ایم سی آئی) میں گھوسٹ ملازمین کی جانچ پڑتال کے لئے احکامات جاری کرتے ہوے کارپوریشن کی تمام ڈائریکٹوریٹس،ونگ،ذیلی ونگزاور ذیلی فارمیشنز ،ڈویژن اورسیکشن سے اسٹاف بابت مکمل اورمفصل تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔اس ضمن میں جاری مراسلہ میں کہاگیاہے کہ سیکورٹی ونگ کارپوریشن کو ایک ہفتے میں تمام معلومات کی فراہمی کو یقینی بنانے ،ا ورڈائریکٹوریٹس سے جملہ دستاویزات جو کیشئر ، ڈائریکٹر ، ڈرائنگ افسر اور ڈویژنل اکانٹس افسر سے سائن کردہ ہوں حاصل کی جائے ، تاکے ماہانہ پے رول سے مطابقت نہ رکھنے والے گھوسٹ ایمپلائیز کو ڈھونڈا جائے اور ادارے میں ڈسپلن کو یقینی بنایا جائے۔اس حوالے سے میئر آفس کے ایڈیشنل ڈائریکٹر عمادلدین نے آفس آرڈر جاری کرتے ہوے تمام فارمیشنز کو احکامات سے آگاہ کرتے ہوئے مذکورہ بالا معلومات ایک ہفتے کے اوقات میں مذکورہ بالا حوالہ افسران کے ذریعہ اسسٹنٹ سکیورٹی آفیسر کارپوریشن مظہر حسین کو دستخطوں کے ساتھ فراہم کرنے کی ہدایات بھی کی گئیں ہیں ، مراسلہ میں یہ بھی کہاگیاہے کہ مذکورہ بالا ہدایات پر24.2.2019 کے دفتر کے حکم کے مطابق عمل درآمد کیا جائے۔

بشکریہ:جہان پاکستان