
آسکر ایوارڈ یافتہ نامور ہولی وڈ اداکار و ٹی وی میزبان ٹام ہینکس اور ان کی اہلیہ ریٹا ولسن گزشتہ ماہ مارچ کے پہلے ہفتے میں کورونا وائرس کا شکار ہوگئے تھے۔جس وجہ سے انہیں کچھ دن تک ہسپتال داخل ہونا پڑا تھا۔
ٹام ہینکس نے مارچ کے آغاز میں سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے اپنے مداحوں کو خبردار کیا تھا کہ وہ اور ان کی اہلیہ آسٹریلوی دورے کے دوران کورونا کا شکار ہوگئے ہیں اور انہیں کچھ دن تک ہسپتال میں رہنا پڑے گا۔بعد ازاں اداکار نے سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے ہی 17 مارچ کو بتایا تھا کہ انہیں اور ان کی اہلیہ کو ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے اور اب وہ گھر میں ہی قرنطینہ ہوجائیں گے۔
انہوں نے یہ واضح نہیں کیا تھا کہ وہ کورونا سے صحت یاب ہوگئے ہیں یا نہیں، تاہم انہوں نے ہسپتال سے ڈسچارج ہونے کی وضاحت کی تھی اور بعد ازاں وہ آسٹریلیا سے امریکا منتقل ہوگئے تھے۔امریکا منتقلی کے بعد ٹام ہینکس صحت یاب ہوگئے تھے اور اب پہلی بار انہوں نے ٹی وی پر پروگرام کرتے ہوئے وبا کے شکار ہونے سے متعلق اپنے مداحوں کو بتایا۔
امریکی اخبار دی انڈیپینڈنٹ کے مطابق ٹام ہینکس نے 11 اپریل کو اپنے معروف ٹی وی پروگرام سیٹرڈے نائٹ لائیو کی میزبانی کی اور وہ پروگرام میں انتہائی خوش دکھائی دیے۔رپورٹ کے مطابق کورونا سے صحت یاب ہونے کے بعد پہلی بار ٹام ہینکس نے پروگرام کی میزبانی کی اور انہوں نے گھر سے ہی پروگرام کیا، جس میں وہ بے حد پرجوش دکھائی دیے۔سوشل میڈیا پر ان کے پروگرام کی وائرل ہونے والی ویڈیوز میں انہیں پہلے کی طرح مکمل صحت یاب دیکھا جا سکتا ہے۔
پروگرام کے دوران انہوں نے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کورونا کی وبا کا شکار ہونا ان کے لیے اور ان کی اہلیہ کے لیے مشکل وقت تھا، تاہم مداحوں کی نیک خواہشات اور ڈاکٹرز کی محنت سے وہ اس مشکل سے نکلنے میں کامیاب ہوگئے۔انہوں نے کورونا میں شکار ہوتے وقت اپنے جسمانی حالات اور وبا کی علامات کا بھی ذکر کیا اور بتایا کہ ان میں اتنی زیادہ علامات نہیں تھیں بس تھکاوٹ اور بخار محسوس ہوا تو انہوں نے چیک اپ کرایا جس کے بعد ان میں کورونا کی تشخیص ہوئی۔اداکار کے مطابق کورونا کی تشخیص کے بعد انہوں نے ڈاکٹرز کی ہدایات پر مکمل عمل کیا اور ہسپتال میں اچھا وقت گزارنے کے بعد انہوں نے گھر میں بھی ماہرین صحت کی ہدایات پر عمل کیا اور وہ آج بلکل صحت مند ہیں۔ان کی اہلیہ اداکار ریٹا ولسن بھی اب کورونا سے صحت یاب ہوچکی ہیں جب کہ دیگر اہم شوبز شخصیات کی طبعیت بھی بہتر ہے۔


