بھارت مقبوضہ کشمیر کے زمینی حالات کو دنیا سے چھپا رہا ہے، علی امین گنڈا پور

 

وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپورنے مقبوضہ کشمیر میں کشمیری نوجوانوں کو شہید کرنے کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نہتے کشمیری نوجوانوں کو گھر گھر تلاشی کی آڑ میں شہید کیا جا رہا ہے ۔بھارت مقبوضہ کشمیر میں سفاکانہ مظالم جاری رکھے ہوئے ہے ، بھارتی افواج اور ادارے عالمی قوانین کی دھجیاں آڑا رہے ہیں، مقبوضہ وادی کو ایک جیل میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ ایک بیان میں علی امین گنڈاپور نے کہا کہ رمضان المبارک کے مہینے میں بھی کشمیریوں کو خون میں نہلایا جا رہا ہے ، بھارت مقبوضہ کشمیر کے زمینی حالات کو دنیا سے چھپا رہا ہے۔رت نے غیر جانبدار عالمی اداروں اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کا داخلہ مقبوضہ کشمیر میں بند کر رکھا ہے، کشمیری صحافیوں کو مسلسل ہراساں کر رہا ہے۔انہوں نے کہابھارت کشمیریوں کو ظلم و تشدد اور بھارتی مسلمانوں کو نفرت کا نشانہ بنا رہا ہے، بین الاقوامی میڈیا بھارتی ہندو فاشسٹ اقدامات کو دنیا کے سامنے بے نقاب کر رہا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ بین الاقوامی برادری بھارتی انتہا پسند اقدامات کا فوری نوٹس لے، علی امین گنڈاپو ر نے کہا خود بھارت کے ذی شعور دانشور بھارتی اقدامات کو نازی جرمنی سے تشبیہ دے رہے ہیں بھارت کے خلاف عالمی برادری کو بر وقت اقدامات لینے ہوں گے۔ علی امین گنڈاپور نے کہا جنوبی ایشیا سیکورٹی کے حوالے سے ایک شدید بحران کا شکار ہو سکتا ہے، بھارت خطے میں بدامنی کی فضا قائم کیے ہوئے ہے بھارت پاکستان کے خلاف سازشوں اور ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ کر رہا ہے، علی امین گنڈاپور نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری کشمیریوں کو حق خوداردیت دلوانے کے لیے بھارت کو سلامتی کونسل کی قرادادوں کا پابند بنائے۔