
جکارتہ: انڈونیشیا نے سعودی عرب سے مطالبہ کیا ہے وہ عالمی وبا کورونا وائرس کے تناظر میں سالانہ اسلامی عبادت حج سے متعلق رمضان المبارک کے آخر تک اجازت دینے یا نہ دینے کا فیصلہ کرے
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ برس دنیا بھر سے تقریباً 25 لاکھ سے زائد عازمین نے حج کی سعادت حاصل کرنے کے لیے سعودی عرب کا سفر کیا تھا۔تاہم رواں سال صورتحال کافی مختلف ہے کیونکہ کورونا وائرس کی وبا نے دنیا بھر کو متاثر کیا ہوا ہے اور اسی وجہ سے مارچ کے مہینے میں عمرے کو معطل کردیا گیا تھا جبکہ سعودی عرب نے مسلمانوں سے کہا تھا کہ کووڈ 19 کے تناظر میں عارضی طور پر اپنی تیاریوں کو مؤخر کردیں۔تاہم سعودی حکام نے ابھی تک یہ اعلان نہیں کیا کہ آیا وہ رواں سال حج کے لیے اجازت دیں گے یا نہیں۔
اس حوالے سے انڈونیشیا کی وزارت مذہبی امور کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں رمضان المبارک کے ختم ہونے سے قبل فیصلہ ہونا چاہیے۔
ترجمان وزارت مذہبی امور اومان فتح الرحمٰن کا کہنا تھا کہ ‘ہم امید کرتے ہیں کہ حج ہونے یا منسوخ ہونے سے متعلق باضاطبہ فیصلے کا اعلان جلد کیا جائے گا’۔
انڈونیشیا دنیا کی سب سے بڑا مسلم آبادی والا ملک ہے اور اس کے کم از کم 2 لاکھ 31 ہزار شہری حج کے لیے رجسٹرڈ کرواتے ہیں جو کسی بھی ملک کی جانب سے سب سے بڑی نمائندگی ہے۔
حج ہر صاحب استطاعت مسلمان پر زندگی میں ایک مرتبہ کرنا فرض ہے۔واضح رہے کہ رواں سال حج جولائی کے آخر میں ہوگا۔




