اسلام آباد:
نے کہا ہے کہ حکومت کہیں نہیں جارہی ہے ہمارے سوا کوئی چوائس ہی نہیں ہے جو بہتری کرنی ہے اسی حکومت نے کرنی ہے پانچ سال پورے کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نے حکومتی اور اتحادی اراکین اسمبلی کے اعزاز میں وزیراعظم ہائوس میں دئیے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیراعظم کے عشائیے میں مسلم لیگ ق ، بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی- مینگل) اور عوامی مسلم لیگ کے شیخ رشید شریک نہ ہوئے۔بی این پی مینگل نے وعدے پورے نہ کرنے پر خود کو حکومتی اتحاد سے الگ کر لیا ہے ، مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین کی جانب سے وزیراعظم کو پیغام دیا گیا ہے کہ ہم بجٹ میں ووٹ دینے آئیں گے لیکن آپ کا کھانا نہیں کھائیں گے۔ جبکہ شیخ رشید بیماری کے باعث شریک نہیںہوئے۔ مسلم لیگ ق نہ صرف وزیراعظم کے عشائیے میں شریک نہ ہوئی بلکہ اس نے اپنے ہاں عشائیے کا اہتمام کیا۔
وزیراعظم عمران خان کی جانب سے وزیراعظم ہاس اسلام آباد میں دیے گئے عشائیے میں وفاقی وزرا، مشیران، معاونین خصوصی اور راجہ ریاض اور نور عالم خان سمیت تحریک انصاف کے دیگر اراکین اسمبلی شریک ہوئے۔
عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا روز صبح خبر ملتی ہے کہ آج جارہا ہوں،کل جا رہا ہوں لیکن ہمارے سوا کوئی چوائس نہیں ہے۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے تمام حکومتی و اتحادی ارکان کو بجٹ سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں بہترین بجٹ پیش کیا ہے، اس میں نہ تو نئے ٹیکس لگانے گئے اور نہ عوام پر اضافی بوجھ ڈالا گیا بلکہ عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے پر توجہ دی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اتحادی حکومت کا اہم حصہ ہیں، ان کے تحفظات دور کریں گے، اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے حکومتی و اتحادی ارکان کو قومی اسمبلی میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام حکومتی ارکان اور اتحادی اجلاس میں شریک ہوں، بجٹ منظوری کے بعد اتحادیوں سے معاہدوں پر عمل درآمد ہوگا۔عشائیے سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چینی رپورٹ کے حوالے سے بہت دبا ئوتھا، پرویز مشرف نے دبا ئومیں آکر 2 بار چینی کی رپورٹ روکی، پی آئی اے رپورٹ پر بھی دبا تھا لیکن میں چاہتا تو بہت کچھ چھپا سکتا تھا۔
اپوزیشن کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ان کے کیسز ختم کروادوں تو 5 سال آرام سے گزار سکتا ہوں، ہم اس وقت نیچے گریں گے جب اپنے نظریے سے ہٹیں گے، پیپلز پارٹی اپنے نظریے سے ہٹ کر تباہ ہوئی، لوگ کبھی خوش ہوں گے کبھی ناراض لیکن ہم نے لوگوں کی حالت بدلنی ہے، ملائیشیا کے مہاتیر محمد اسٹیٹس کو کے خلاف ہار گئے، ہم اسٹیس کو کے خلاف لڑ رہے ہیں۔
کورونا کے حوالے سے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہماری حکمت عملی کی دنیا نے تعریف کی، ہم نے اسمارٹ لاک ڈان کیا اب پوری دنیا اس طرف جارہی ہے، معیشت کو چلانے کے لیے کاروبار چلانا ضروری ہے، شہریوں کو بھی ضابطہ کار( ایس او پیز) پر عمل کرنا ہوگا۔
مسلم لیگ ق کے وزیر ہائوسنگ طارق بشیر چیمہ نے بھی رات اتحادی جماعتوں کو عشائیہ دیااس طرح مسلم لیگ ق وزیراعظم کے عشائیے میں شریک نہ ہوئی ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے مسلم لیگ ق کے اراکین اسمبلی کو تو عشائیے میں شرکت کی دعوت دی لیکن اس کی قیادت کو نظر انداز کیا۔ مسلم لیگ ق کا عشائیہ ملتوی کرانے کی حکومتی کوششیں کامیاب نہ ہو سکیں مسلم لیگ ق کا موقف تھا کہ انہوں نے وزیراعظم کے عشائیے سے بہت پہلے یہ عشائیہ رکھا ہوا تھا۔ جس میں تبدیلی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔



