
ممبئی: بھارتی گلوکار عدنان سمیع خان اپنی شہریت اور الٹے سیدھے بیانات کی وجہ سےاکثر خبروں میں رہتے ہیں اور اب مقبوضہ کشمیر میں ناکام کنسرٹ اور مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیرا علیٰ عمرعبداللہ سے ٹوئٹر پر ہونے والی تلخ کلامی کے باعث ایک بار پھر میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔
پاکستانی شہریت چھوڑ کر بھارتی شہریت حاصل کرنے والے گلوکارعدنان سمیع خان کا گزشتہ روز مقبوضہ کشمیر میں ہونے والا کنسرٹ اس وقت بری طرح ناکام ہوگیا جب کنسرٹ میں بیشترکرسیاں خالی پڑی رہیں اور لوگوں نے کنسرٹ کا رخ کرنے کے بجائے اپنے گھر پر رہنے کو ترجیح دی۔
عدنان سمیع خان کے کنسرٹ کا انتظام مقبوضہ کشمیرمیں سیاحتی مرکزکے ادارے کی جانب سےشیرکشمیر انٹرنیشنل کنونشن سینٹر میں کیا گیاتھا، جب کہ کنسرٹ میں شرکت کرنے کی اجازت صرف ان لوگوں کو تھی جنہیں دعوت نامے بھیجے گئے باقی کسی کو بھی کنسرٹ میں شرکت کرنے کی اجازت نہیں تھی، کنسرٹ میں شرکت کرنے والے زیادہ ترافراد کا تعلق سرکاری ملازمین، بیوروکریٹس اور سرمایہ دار طبقے سے تھا۔کنسرٹ میں 3000 لوگوں کی آمد متوقع تھی، لیکن حیرت انگیز طور پر زیادہ تر کرسیاں خالی پڑی رہیں، یہ شو براہ راست پیش کیا جانا تھا اور کنسرٹ شروع ہونے کا وقت شام 5 بجے تھا لیکن خالی کرسیوں کے باعث یہ شو مقررہ وقت سے کافی تاخیر سے شروع ہوا۔کنسرٹ میں صرف مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے سرمایہ داروں، بھارتیہ جنتا پارٹی( بی جے پی) اور عوامی جمہوریہ پارٹی( پی ڈی پی)سے تعلق رکھنے والے افراد نے ہی شرکت کی اور یہ تعداد بھی بے حد کم تھی۔




