ترقیاتی فنڈ منتخب لوگوں کے زیر نگرانی ہی استعمال کیا جانا چاہیے،حاجی گلفراز خان

 

عوامی نمائندوں کی نگرانی نہ ہونے کے باعث ٹھیکیداروں کی من مانیاں جاری ہیں اور عوامی پیسے کا ضیاع ہو رہا ہے

اسلام آباد: یونین کونسل 46 جھنگی سیداں اسلام آباد کے چئیرمین حاجی گلفراز خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف بات تو عوام اور عوامی نمائندوں کی کرتی ہے لیکن عمل اس سے مختلف ہے جب سے پی ٹی آئی حکومت آئی ہے اس نے عوامی نمائندوں سے ناروا سلوک روا رکھا ہوا ہے۔ روزنامہ سی پیک سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری یونین کونسل میں ترقیاتی کام عوام کے منتخب نمائندوں سے کروانے کی بجائے غیر منتخب لوگوں کے ذریعے کروایا جارہا ہے جو منتخب نمائندوں سے زیادتی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ترقیاتی فنڈ منتخب لوگوں کے زیر نگرانی ہی استعمال کیا جانا چاہیے تاکہ عوامی نمائندے اس کے درست استعمال کو یقینی بناسکیں۔ انہوں نے کہا حکومت نے کروڑوں روپے مالیت کے فنڈ لوکل گورنمنٹ کے ذریعے پی ٹی آئی کے غیر منتخب لوگوں کی نگرانی میں شروع کررکھے ہیں اور یونین کونسل کی نگرانی کو یکسر نظرانداز کر رکھا ہے عوامی نمائندوں کی نگرانی نہ ہونے کے باعث لوکل گورنمنٹ کے افسران ٹھیکیداروں کی ملی بھگت سے ناقص اور غیر معیاری کام کر رہے ہیں جو عوامی پیسے کا ضیاع ہے ۔ جبکہ پی ٹی آئی کے ورکرز تصاویر بنوا کر اپنی کارکردگی ظاہر کر رہے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔