خصوصی اقتصادی زونز میں شمسی توانائی سے 700 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے والا پہلا پاور پلانٹ لگایا جائے گا

 

اسلام آباد: پاکستان میں خصوصی اقتصادی زونز (ایس ای زیڈ ایس) میں شمسی توانائی سے 700 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے والا پہلا پاور پلانٹ لگایا جائے گا۔سرمایہ کاری بورڈ پاکستان کے خصوصی اقتصادی زونز میں شمسی توانائی سے بجلی پیدا کرنے کے پلانٹ کی تعمیر کیلئے کوششیں کر رہا ہے۔ اس حوالہ سے سرمایہ کاری بورڈ نے سہ فریقی مفاہمت کی یادداشت کی راہ ہموار کی ہے جس کے تحت سرکاری اداروں بشمول فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک)، پاور چائنہ جیانگ ژی الیکٹرک پاور کنسٹرکشن کمپنی لمیٹڈ (جے ای پی سی سی) جو کہ پاور چائنہ اور ہینان ژونگ ہوئی الیکٹرک پاور انجینئرنگ اینڈ کنسلٹنگ کمپنی لمیٹڈ (ایچ زیڈ ای پی ای سی) کی ذیلی کمپنی ہے، ان کے درمیان مفاہمت کی سہ فریقی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔ سرمایہ کاری بورڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سرمایہ کاری بورڈ کے حکام نے کہا ہے کہ چینی کمپنیوں نے ایم۔تھری انڈسٹریل سٹی اور علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی جو فیڈمک کے خصوصی اقتصادی زونز کے دو منصوبے ہیں ان میں شمسی توانائی سے 700 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کا پاور پراجیکٹ لگانے کی تجویز دی ہے۔ منصوبہ پر ابتدائی لاگت کا تخمینہ 630 ملین ڈالر ہے۔ منصوبہ میں چینی کمپنیاں سرمایہ جبکہ ایس ای زیڈ کی ڈویلپر فیڈمک زمین فراہم کرے گی۔ یہ زمین لیز پر یا متوازی سرمایہ کاری کے تحت شراکت داری کی بنیادی پر فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ منصوبہ تین مراحل میں مکمل ہو گا جو ایس ای زیڈز کی بجلی کی طلب کی بنیاد پر ہو گا۔ فیڈمک دونوں زونز میں بجلی کی اوسط ضرورت اور فیڈمک کے اردگرد بجلی کی ترسیل کی سہولیات اور بنیادی ڈھانچہ کی تفصیل فراہم کرے گی۔ یہ منصوبہ بی او ایل ٹی کی بنیاد پر تعمیر ہو گا جو پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ ہے۔ اس منصوبہ کے حوالہ سے سرمایہ کاری بورڈ کے سابق سیکرٹری عمر رسول جو اس وقت سیکرٹری انرجی پاور ڈویژن تعینات ہیں اور بی او آئی میں سی پیک صنعتی تعاون کے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کو معاونت فراہم کر رہے ہیں، ان کی زیر نگرانی ایم او یو پر دستخط کئے گئے ہیں۔