سی پیک کو کھیلوں کی سرگرمیوں سے سجانے کا پلان، گوادر میں سپورٹس فیسٹیول کے انعقاد کا اعلان

ایونٹ میں 45 ممالک کے 400 ایتھلیٹس حصہ لیں گے ،30 ممالک کے سپورٹس منسٹرز کو بھی مدعو کیا جا رہا ہے

گوادر:چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کو کھیلوں کی سرگرمیوں سے سجانے کا پلان کرلیا گیا، گوادر میں سپورٹس فیسٹیول کاانعقاد کیا جائیگا۔ایونٹ میں 45 ممالک کے 400 ایتھلیٹس پاکستان آئیں گے ، پاکستان اور چین کے ثقافتی کھیل سپورٹس فیسٹیول کی شان بڑھائیں گے،ایونٹ میں 30 ممالک کے کھیلوں کے وزراء کو بھی مدعو کیا جا رہا ہے۔انٹرنیشنل ٹریڈیشنل سپورٹس اینڈ گیمز فیسٹیول 7 روز تک جاری رہے گا، نیزہ بازی، اونٹ ریس ، بیلٹ ریسلنگ، تیر اندازی جیسے ثقافتی کھیل سرگرمیوں کا حصہ ہوں گے۔ یاد رہے کہ چین پاکستان اکنامک کوریڈور(سی پیک) دنیا میں جاری اس وقت سب سے بڑا اقتصادی و ترقیاتی منصوبہ ہے جسکی ابتدائی مالیت 46 ارب ڈالر ہے جو مزید بڑھ کر 62 ارب ڈالر سے تجاوز کر جائے گی۔اس منصوبے میں طویل کشادہ اور محفوظ سڑکیں، توانائی کے منصوبے، انڈسٹریل پارکس اور گوادر بندرگاہ کی تعمیر و انصرام شامل ہے جس کی تکمیل دہشت گردی کے خلاف جنگ سے متاثرہ پاکستان کے لیے اقتصادی لحاظ سے ایک روشن مستقبل کی نوید ہے۔ سی پیک اتھارٹی کی سربراہی اس وقت لیفٹینیٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ کر رہے ہیں جو افواج پاکستان کے میڈیا ونگ آئی ایس پی آر کے سربراہ بھی رہے ہیں۔