نیب کی کارروائی، محکمہ ایکسائز گریڈ سولہ کے سابق ملازم کے گھر سے 33 کروڑ برآمد

ملزم کی اہلیہبھی 19 کروڑ سے زائد کیش و پرائز بانڈ ز کی مالک نکلیں، ملزم خواجہ وسیم کو گرفتاری کے بعد احتساب عدالت کے روبرو پیش کر دیا گیا

لاہور:قومی احتساب بیورو لاہور نے ایک کارروائی کے دوران محکمہ ایکسائز کے سابق ملازم کے گھر سے 33 کروڑ روپے برآمد کر لیئے۔نیب لاہور کے مطابق ملزم خواجہ وسیم محکمہ ایکسائیز اینڈ ٹیکسیشن لاہور میں گریڈ 16 کا ملازم تھا جس کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کی تحقیقات جاری تھیں۔ملزم کے گھر سے 33 کروڑ روپے کا کیش و پرائز بانڈز برآمد کیا گیا، نیب لاہور انٹیلی جنس ونگ کی بڑی کامیابی سے ملزم کے خلاف جاری تحقیقات نے نیا موڑ لے لیا۔
نیب لاہور کاچھاپہ مار کر سابق ایکسائز انسپکٹر ملزم خواجہ وسیم کو گرفتار کر لیا ہے، جو کروڑوں روپے کے ذرائع تا حال ثابت نہیں کر سکا ہے، ملزم کی اہلیہ کے نام پر بھی 19 کروڑ سے زائد کیش و پرائز بانڈ ہونے کے شواہد بھی حاصل کیئے گئے ہیں۔نیب حکام کی جانب سے ملزم خواجہ وسیم کو گرفتاری کے بعد احتساب عدالت کے روبرو پیش کر دیا گیا۔
نیب لاہور کے مطابق ملزم خواجہ وسیم نے 2018 میں ایمنسٹی اسکیم میں کروڑوں روپے وائٹ کیئے، حالانکہ ملزم اس اسکیم سے فائدہ حاصل کرنے کا اہل ہی نہیں تھا۔
ملزم کے بینک اکاونٹس سے 2013 تا 2017 کے دروران 22 کروڑ روپے سے زائد سرمایہ بیرونِ ملک بھیجنے کا انکشاف بھی ہوا ہے۔ملزم کی جانب سے بیرونِ ملک سے منتقل ہونے والے سرمائے کے ذرائع ثابت نہیں کیئے جا سکے ہیں۔